ایم کیو ایم کا اپنے قائد ہی کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف قرارداد لانے کے لیے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بات ہوئی جس میں اکثریت نے قرارداد پیش کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے جب کہ قرارداد کا متن ہماری 23 اگست کی پریس کانفرنس جیسا ہی ہوگا

563045
ایم کیو ایم کا اپنے قائد ہی کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ

متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی جانب سے اشتعال انگیز تقاریر پر ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہےکہ الطاف حسین کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد لائیں گے جس پر رابطہ کمیٹی نے بھی رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف قرارداد لانے کے لیے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بات ہوئی جس میں اکثریت نے قرارداد پیش کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے جب کہ قرارداد کا متن ہماری 23 اگست کی پریس کانفرنس جیسا ہی ہوگا جو ہمارا پالیسی فریم ورک ہے، ہم نے جس ذمہ داری اور خلوص دل کے ساتھ ایک لائن کھینچی اور بڑی وضاحت کے بعد بتایا کہ جو کچھ کہا گیا وہ ناقابل قبول ہے، ہم نے بیان کی نہ صرف مذمت کی بلکہ شرمندگی کا اظہار کیا اور معافی مانگی، ہم ان ہی خطوط پر قرارداد لائیں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ یہ متحدہ کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا یہ ایک تاریخی اقدام ہے، ہم نے بہتر سمجھا کہ پوری جماعت کو ایک جگہ رکھیں نہ کہ 10 سے 15 لوگوں کو لے کر الگ بیٹھ جاتے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے ایک متن تیار کیا جا رہا ہے جس میں کہا جائے گا کہ ریاست کے خلاف متحدہ کے بانی کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیز تقاریر کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار آئندہ ہفتے ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ قرارداد اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کریں گے۔



متعللقہ خبریں