سرحدی انتظام،داخلی سلامتی کے لیےسول آرمڈ فورسز کے 29نئے ونگز قائم کرنیکا فیصلہ

اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر ریٹائرڈ جنرل ناصر خان جنجوعہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو قومی لائحہ عمل پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے گی

552603
سرحدی انتظام،داخلی سلامتی کے لیےسول آرمڈ فورسز کے 29نئے ونگز قائم کرنیکا فیصلہ

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ کو بہتر اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے سول آرمڈ فورسز کے 29 نئے ونگز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسلام آباد میں پیر کے روز وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمدپر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر ریٹائرڈ جنرل ناصر خان جنجوعہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو قومی لائحہ عمل پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے گی۔
کمیٹی سیکرٹری داخلہ، نیکٹا کے ڈائریکٹر جنرل ، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جی پیز اور بعض سیکرٹریوں اور وزیراعظم آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری پر مشتمل ہوگی۔ خفیہ اداروں کا ایک ایک نمائندہ ان کی معاونت کرے گا جبکہ ڈی جی ملٹری آپریشنز فوج کی نمائندگی کریں گے۔
اجلاس کے دوران دہشتگردوں کی فنڈنگ کی روک تھام کے موجودہ طریق کار کا جائزہ بھی لیا گیا اور اس حوالے سے مزید موثر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں سرحدی انتظام اور ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال کی بہتری کیلئے سول آرمڈ فورسز کے انتیس نئے ونگز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں حال ہی میں منظور کئے گئے سائبر کرائمز بل پر غور بھی کیا گیا اور سائبر جرائم کی روک تھام کے طریق کار پر جلد عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں دوسروں کے علاوہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل رضوان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ، ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے شرکت کی۔



متعللقہ خبریں