ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومتوں کی مکمل پشت پناہی کی جائے گی: نواز شریف

وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے فوائد اور اب تک ہونے والی پیش رفت کو قومی عزم کی بھرپور تائید کے ساتھ وفاقی اور صوبائی سطح پر رابطے کے ذریعے تقویت دی جائے گی

542931
ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومتوں کی مکمل پشت پناہی کی جائے گی: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو دہشتگردی کے بارے میں تمام خفیہ معلومات فراہم کرتے ہوئے اس جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔

انہوں نے یہ بات داخلی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بارے میں وزیراعظم ہائوس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے فوائد اور اب تک ہونے والی پیش رفت کو قومی عزم کی بھرپور تائید کے ساتھ وفاقی اور صوبائی سطح پر رابطے کے ذریعے تقویت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک درست سمت میں گامزن ہے اور ہر شہری ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات سے مستفید ہو گا۔

 انہوں نے کہا کہ ہم ہر نسل اور مذہب کے لئے پاکستان کو محفوظ بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسند نظریہ ایک عالمی خطرہ ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کی حیثیت سے پاکستان کئی سالوں سے دہشتگردوں کے ردعمل سے متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے لڑتے ہوئے سماجی اور اقتصادی لحاظ سے کوئی بھی اور ملک اتنا زیادہ متاثر نہیں ہوا جتنا پاکستان ہوا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ وزیراعظم سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے بھی ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے جاری آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو تباہ کرنے میں پاکستان ایئرفورس کی خدمات کی تعریف کی۔



متعللقہ خبریں