امجد صابری کے قاتلوں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا

مقتول کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ کی مالی اعانت کا اعلان کیا گیا ہے

518200
امجد صابری کے قاتلوں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ  نے کہا ہے کہ  کہ امجد صابری کے قاتل کب  تک پکڑے جائیں گے میں  اس حوالے سے کچھ کہنے سے قاصر ہوں   تاہم ،ہماری   پوری کوشش ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد ان کے کیفرِ کردار   تک پہنچایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ  کراچی کا علاقہ لیاقت آباد انتہائی پرامن علاقہ ہے جہاں پنچھی پر نہیں مارسکتا۔ لیکن امجد صابری کے قتل کا واقعہ گھناؤنا اقدام ہے۔ میں کوئی پیر فقیر  تو نہیں کہ بتادوں کہ ان کے قاتل کب پکڑے جائیں گے۔ دہشت گرد ایک طرف اویس شاہ کے اغوا  کی صورت عدالتوں کو دبانے اور ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں اور دوسری طرف ہمیشہ کی طرح سیاست دانوں کو پریشان کرنے کی کوشش کررہے ہیں یہ بھی گھناؤنا جرم ہے۔

وزیر اعلیٰ نے امجد صابری کے ورثا کے لئے 1 کروڑ روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امجد فرید صابری کے خون کے ایک قطرے کا بھی بدلا نہیں دیا جاسکتا لیکن حکومت کی جانب سے یہ رقم کچھ نہ کچھ زخموں کا مداوا بنے گی۔ وزیر اعلیٰ نے مقتول امجد صابری کی بیوہ کے لئے مناسب نوکری جبکہ بچوں کے لئے مفت تعلیم کی ذمہ داری کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے مزید کہا  کہ کراچی آپریشن تمام سیاسی جماعتوں  سے مشاورت   کے بعد ہی  شروع کیا گیا ، سب نے   متفقہ  طور پر اس آپریشن کی  سرپرستی  میرے   سپرد کی۔  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کراچی آپریشن کے دوران کوئی تفریق نہیں برتی اورڈی جی رینجرز سے بھی کہا تھا کہ شہر میں امن کے قیام تک  ہماری کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔رینجرز کو ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کے خلاف تمام اختیارات دئے جس سے سیکیورٹی اداروں کاحوصلہ بڑھا، اور ایک وقت آیا کہ تاجروں اورصنعت کاروں نے امن وامان کےقیام پر الگ الگ آکرمجھےمبارکباددی۔



متعللقہ خبریں