معروف قوال امجد صابری قاتلانہ حملے میں ہلاک

گزشتہ روز تقریباً 3 بجے کے قریب کراچی کے علاقے لیاقت آباد 10 نمبرمیں قوال امجد فرید صابری کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار امجد صابری موقع پر جاں بحقہو گئے تھے

516354
معروف قوال امجد صابری قاتلانہ حملے میں ہلاک

معروف قوال امجد صابری کراچی میں دہشتگردی کا نشانہ بن گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ نماز جنازہ آج ظہر کے بعد ادا کی جائے گی۔ تدفین پاپوش قبرستان میں ہو گی۔

گزشتہ روز تقریباً 3 بجے کے قریب کراچی کے علاقے لیاقت آباد 10 نمبرمیں قوال امجد فرید صابری کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار امجد صابری موقع پر جاں بحق جب کہ ان کے دیگر تین ساتھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔

پولیس کے مطابق امجد صابری اپنے ساتھی کے ہمراہ گاڑی میں جارہے تھے، کہ اسی دوران لیاقت آباد نمبر 10 کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے امجد صابری موقع پر ہی ہلاک جب کہ ان کے ساتھ گاڑی میں موجود سلیم صابری شدید زخمی ہو گئے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حکیم اللہ محسود گروپ کے ترجمان قاری سیف اللہ محسود نے امجد صابری پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

 پولیس کے مطابق امجد صابری اپنی گاڑی خود چلا رہے تھے جن کے سینے اور سر میں گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں جب کہ جائے وقوعہ سے 5 خول قبضے میں لے لیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امجد صابری نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کے لیے اپنی رہائش گاہ سے نکلے تھے کہ لیاقت آباد 10 نمبرمیں گھات لگائے دہشت گردوں نے ٹریفک کے دباؤ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی گاڑی کی رفتارکم ہونے پر انہیں نشانہ بنایا اورفرارہوگئے، فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورعلاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں معروف قوال امجد صابری کے قتل کا نوٹس لے لیا اور واقعہ میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سیکیورٹی اداروں کو واقعہ میں ملوث ملزمان تک پہنچنے کےلیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے جب کہ شہر میں سیکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے بھی امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ان کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر ممنون نے امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے جب کہ انہوں نے قاتلوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دیا ہے۔

امجد صابری کی نماز جنازہ آج ظہر کے بعد ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں پاپوش قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔   



متعللقہ خبریں