لنڈی کوتل میں افغان فورسز کی پاک افغان سرحد پر فائرنگ

افغان فورسز نےلنڈی کوتل میں پاک افغان سرحد پر رات گئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستانی فورسز نے بھرپورجواب دیا۔

511104
لنڈی کوتل میں افغان فورسز کی پاک افغان سرحد پر فائرنگ

 

لنڈی کوتل میں پاک افغان سرحد پر رات گئے افغان فورسز نے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستانی فورسز نے بھرپورجواب دیا۔

وزیر دفاع خواجہ  نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ افغانستان کی بھلائی چاہی لیکن اگر ہمارا خون بہا تو اس کا حساب دینا پڑے گا۔

طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے افسر کی شہادت پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دشمن آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ملک میں ہونے والی دہشت گرد کاروائیوں کے تانے بانے ہمسایہ ملک افغانستان سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر دہشت گردوں کی پناہ گاہیں رکھنے کا الزام لگایا جاتا ہے جب کہ سچ تو یہ ہے کہ ملافضل اللہ افغانستان میں ان کی پناہ میں ہے اور ملافضل اللہ کو افغان اداروں کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ افغانستان کی بھلائی چاہی ہے، افوج پاکستان نے گزشتہ 2 سال میں ملک میں امن قائم کیا لیکن اگر ہمارا خون بہے گا تو اس کا حساب بھی دینا پڑے گا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہزاروں افراد ٹکٹ کے بغیر روزانہ پاکستان میں داخل ہوتے ہیں لیکن اب ایسا نہیں چلے گا ہمیں اپنی سرحد محفوظ بنانی ہے۔

 دریں اثناءامریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے  کہا کہ وہ  پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے حکام سے رابطے میں ہیں اور دباؤ کم کرنے کے لئے پاکستان اور افغان کی حکومتوں پر مسلسل زور دے رہے ہیں۔

جان کربی نے کہا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی امورپر بات چیت کی گئی جب کہ کابل کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بھی بات ہوئی۔ اس کے علاوہ رچرڈ اولسن نے کابل میں افغان صدر اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔

واضح رہے کہ لنڈی کوتل پر واقع پاک افغان سرحد پر گزشتہ 3 روز سے حالات کشیدہ ہیں جب کہ سرحد پر افغان فورسز کی فائرنگ سے سیکیورٹی فورسز کے 10 اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہیں۔ اس کے علاوہ افغان فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے میجر علی جواد شہید بھی ہوئے جن کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی۔

 



متعللقہ خبریں