پاکستان میں پہلی بار ماہ رمضان کا ایک ہی دن شروع ہونے کا امکان

اس سال ملک بھر میں ماہ رمضان کا ایک ساتھ آغاز کرنے کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی قیادت میں وفد نے مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے ساتھ مذاکرات کیے تھے، جس میں انہوں نے کئی مطالبات اور تجاویز پیش کیں

504629
پاکستان میں پہلی بار ماہ رمضان کا ایک ہی دن شروع ہونے کا امکان

پاکستان میں  پہلی بار ایک ہی دن ماہ رمضان کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں  پشاور کی مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے قبل اپنی کمیٹی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سال ملک بھر میں ماہ رمضان کا ایک ساتھ آغاز کرنے کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی قیادت میں وفد نے مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے ساتھ مذاکرات کیے تھے، جس میں انہوں نے کئی مطالبات اور تجاویز پیش کیں۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے چاند دیکھنے کے معاملے میں تعاون پر حکومت نے مفتی پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم اب صرف مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوگا جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منقعد کرنے کا نوٹیفیکشین جاری کر دیا گیا ہے۔

رمضان المبارک 1437 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 6 جون بروز پیر کو چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کے کراچی کیمپ آفس میں ہوگا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں رمضان کا چاند پیر کی شام نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور منگل 7 جون کو ملک میں پہلا روزہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق چاند نظر آنے کے لیے اس کی عمر 26 گھنٹے ہونی چاہیے جبکہ پیر کی شام تک چاند کی عمر 36 گھنٹے ہو جائے گی۔



متعللقہ خبریں