دل کی کامیاب سرجری، وزیراعظم نوازشریف ہوش میں آ گئے

وزیراعظم نوازشریف کو دل کی کامیاب سرجری کے بعد ہوش آگیا ہے ۔

501740
دل کی کامیاب سرجری، وزیراعظم نوازشریف ہوش میں آ گئے

 

وزیراعظم نوازشریف کو دل کی کامیاب سرجری کے بعد ہوش آگیا ہے جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کے اہل خانہ کی وزیراعظم سے مختصراً ملاقات کرائی۔ 

وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری لندن کے ’’ہارلے اسٹریٹ کلینک‘‘ میں کی گئی جہاں 3 سے 4 ڈاکٹروں نے آپریشن میں حصہ لیا اورآپریشن کم و بیش 4 گھنٹے تک جاری رہا تاہم اس دوران کسی قسم کی کوئی پیچیدگی سامنے نہیں آئی جس کے بعد انہیں  آئی سی یو منتقل کیا گیا جب کہ طبیعت بہتر ہونے پر ان کو مصنوعی تنفس سے بھی ہٹا دیا گیا اور اس دوران  وزیراعظم کو ہوش بھی آگیا جس کے بعد ڈاکٹروں نے اہل خانہ کو ان سے ملنے کی اجازت دیدی، وزیراعظم کے اہل خانہ نے ان سے مختصراً  ملاقات کی  تاہم کسی کو بھی بات چیت کی اجازت نہیں دی گئی۔

وزیراعظم نوازشریف کی سرجری کے روز اسپتال میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلے پر سخت پابندی تھی تاہم مسلم لیگ (ن) کے کچھ کارکنان اسپتال کے باہر موجود تھے، اس کے علاوہ اسپتال کے باہر سادہ لباس میں ملبوس کچھ سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات تھے۔ وزیراعظم کی سرجری کے موقع پر ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز، بھائی  شہبازشریف، بھتیجے حمزہ شہباز سمیت خاندان کے دیگر افراد اسپتال میں موجود تھے۔دل کی سرجری کے بعد وزیراعظم نوازشریف کو ایک ہفتے اسپتال میں قیام کرنا ہوگا جب کہ ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد ہی وزیراعظم وطن واپسی کے لیے سفر کرسکیں گے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے  لندن میں اسپتال کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ  وزیراعظم نوازشریف کا آپریشن کامیاب رہا، اب وزیراعظم کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام برادراسلامی ممالک میں خصوصی دعاؤں پر پاکستانیوں اور مسلمانوں کا وزیراعظم اور اپنی طر ف سے شکریہ ادا کرتا ہوں جب کہ تمام سیاسی جماعتوں نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیراعظم تندرست ہو کر جلد وطن واپس جائیں گے لیکن اس سلسلے میں ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل کیا جائے گا۔



متعللقہ خبریں