پاکستان شدید گرمی کی لپیٹ میں ، موہنجو داڑو میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ

پنجاب  اور بلوچستان کے بیشتر علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں

492670
پاکستان شدید گرمی کی لپیٹ میں ، موہنجو داڑو میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ

 پنجاب  اور بلوچستان کے بیشتر علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جب کہ بجلی کے شارٹ فال میں اضافے کے باعث عوام گرمی کے عالم میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھی سہنے پر مجبور ہیں۔  

ملک میں منگل کے روزسب سے زیادہ گرمی موہنجو داڑو میں پڑی جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جب کہ لاڑکانہ  49، نواب شاہ اور حیدرآباد میں 48، سکھر، جیکب آباد، تربت، کوٹ ادو اور رحیم یارخان میں 47 ، نور پورتھل، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 45، ملتان اور مٹھی میں 44، میرپورخاص، جھنگ، لاہور، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورلیہ میں 43، فیصل آباد، منگلا اور سیالکوٹ میں درجہ حرارت 42 ڈگری  جب کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ ہواؤں کی رفتار بھی صرف 7 ناٹیکل مائل رہ گئی ہے۔ ہواؤں کی کم رفتار اور ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے ہیٹ انڈیکس بڑھ سکتا ہے تاہم فی الحال شہر میں ہیٹ اسٹروک کا کوئی خدشہ نہیں۔

محکمہ موسمیات نے سندھ بھرمیں ایک دن مزید گرمی کی پیش گوئی کی ہے جب کہ جون کے ابتدائی 15 دن بھی گرم رہنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بدھ کو بھی کراچی سمیت  اندرون سندھ گرمی رہے گی، عوام صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں تاہم جمعرات کو گرمی کا زور کافی حد تک کم اور درجہ حرارت معمول پر آنے کا امکان ہے۔ اور حیرت انگیز طور پر خوشی کی خبر یہ ہے کہ رواں سال کراچی میں 3 سال کے مقابلے میں زیادہ مون سون بارشوں کی توقع بھی ہے۔

دوسری جانب ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 4 ہزار میگا واٹ تک بڑھ گیا ہے ، اس وقت بجلی کی پیداوار 13 ہزار 300 میگاواٹ جب کہ طلب 17 ہزار 300 میگاواٹ ہے، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید 3 گھنٹے تک بڑھ گیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی نے اعتراف کیا ہے کہ جن علاقوں میں بجلی کے واجبات 20 سے 30 فیصد سے  کم  ہیں وہاں 20 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔



متعللقہ خبریں