لاہور دہشت گردی کے حملے میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 72 تک پہنچ گئی

دھماکے کے بعد لاہور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،چھٹی کرکے گھروں کو جانے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو دوبارہ ڈیوٹی پر بلا لیا گیا۔ پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز نے بھی دھماکے کو خودکش قراردے دیا ہے

459608
لاہور دہشت گردی کے حملے میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 72 تک پہنچ گئی

گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 72 ہوگئی جب کہ 300 سے زائد افراد اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بیشتر افراد کو شیخ زید ہسپتال اور جناح ہسپتال جبکہ بعض کو شہر کے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

لاہورمیں خوفناک دھماکا گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبرایک پر بچوں کے جھولوں کے قریب قریب شام 6 بج کر 44 منٹ پر زور داردھماکا ہوا جہاں خواتین و بچوں کا رش تھا جس کے نتیجے میں 29 بچوں اور خواتین سمیت 72 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ پورا علاقہ ہل کر رہ گیا اور ہر طرف افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، فائر بریگیڈز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جنھوں نے علاقے کو سیل کر دیا ۔ پاک فوج کے افسران و جوان بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

دھماکے کے بعد لاہور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،چھٹی کرکے گھروں کو جانے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو دوبارہ ڈیوٹی پر بلا لیا گیا۔

پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز نے بھی دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکا خیز مواد کے ساتھ بڑی تعداد میں بال بیئرنگ استعمال کیے گئے۔

تحریک طالبان پاکستان کے گروپ جماعت احرار نے لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خود کش دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گلشن اقبال پارک دھماکے پر صوبے بھر میں 3 روزہ یوم سوگ کا اعلان کردیا ہے جبکہ حکومت سندھ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔



متعللقہ خبریں