نیب میں اصلاحات مشاورت سے کی جائینگی:پرویز رشید

نیب نے بدعنوان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے حوالے سے موجودہ قوانین میں مشکلات کا خود اعتراف کیا ہے۔ عمران خان نے کہاہے کہ نیب کے پرکاٹنے کی بھرپورمزاحمت کریں گے۔ آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو کی نیب کے معاملے پرپارٹی کے قانونی ماہرین کوہدایات

436510
نیب میں اصلاحات مشاورت سے کی جائینگی:پرویز رشید

پاکستان کے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ احتساب کے عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے نیب آرڈیننس میں اصلاحات کی جارہی ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب نے بدعنوان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے حوالے سے موجودہ قوانین میں مشکلات کا خود اعتراف کیا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کی پہلے یہ رائے تھی کہ نیب کے چیئرمین کی تعیناتی بدعنوانی کو تحفظ دینے کیلئے کی گئی ہے اور اب وہ ان کے بڑے مداح بن گئے ہیں۔ یہ ان کا دوغلہ پن ہے۔

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ نیب کے پر کاٹنے کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نیب کے اختیارات میں کمی کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیب اورایف بی آرکوٹھیک کرلیں توہمیں قرضے لینے کی ضرورت نہیں پڑیگی۔وہ گزشتہ روز بنی گالا میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ساتھ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے نیب پر حملہ کیا جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوامیں احتساب کمیشن کے قوانین میں ترامیم کے لیے ایک کمیٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی میں یہ کمیٹی تمام مجوزہ ترامیم کا اسمبلی میں پیش ہونے سے قبل جائزہ لے گی اور کوئی بھی ایسی ترمیم جو آزاد احتساب کی راہ میں رکاوٹ سمجھی جائے گی اس کو ترمیمی بل کاحصہ نہیں بننے دیا جائے گا۔

ادھرپیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نیب قوانین اور ایف آئی اے کو صوبائی خود مختاری میں مداخلت سے روکنے کے لئے قوانین میں ترامیم لاتی ہے تو پیپلز پارٹی مشروط تعاون کر سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ نیب اور ایف آئی اے کے اختیارات سے تجاوز کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا ہو گا۔ نیب اور ایف آئی اے کو وہاں تک محدود رکھا جائے جس سے صوبائی خود مختاری میں مداخلت نہ ہو۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کے معاملے پر پارٹی کے قانونی ماہرین کو ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔



متعللقہ خبریں