بلاول کی ہدایت پرسندھ کابینہ میں ایک بار پھر رد و بدل کا فیصلہ

حکومت سندھ کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں پیچھے رہ جانے کی وجہ سے اور اس کے پیپلز پارٹی پر پڑنے والے منفی اثرات کی وجہ سے کابینہ میں رد و بدل کیا جا رہا ہے

432708
بلاول کی ہدایت پرسندھ کابینہ میں ایک بار پھر رد و بدل کا فیصلہ

حکومت سندھ کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں پیچھے رہ جانے کی وجہ سے اور اس کے پیپلز پارٹی پر پڑنے والے منفی اثرات کی وجہ سے کابینہ میں رد و بدل کیا جا رہا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ کابینہ میں کافی عرصہ سے غیر فعال رکن اسمبلی میر ہزارخان بجارانی سمیت صوبائی مشیر عبدالقیوم سومرو کو اہم وزارتیں سونپی جارہی ہیں ۔ پیپلزپارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ دنوں میر ہزار خان بجارانی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی تھی ، جس میں انہیں چند وزارتوں کی پیش کش کی گئی تھی ،جس پر انہوں نے آمادگی ظاہر کی۔ ذرائع کے مطابق میر ہزار خان بجارانی کو بلدیات کا قلمدان دئیے جانے امکان ہے ،جبکہ عبدالقیوم سومرو کو ٹرانسپورٹ یا ورکس اینڈ سروسز کی وزارت دینے پر غور ہو رہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق سابق خاتون وزیر روبینہ قائم خانی کو بھی دوبارہ وزیر بنایا جارہا ہے ، بلاول بھٹو زرداری کابینہ کے بہت سے ارکان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں جس کا اظہار وہ وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سے بھی کرچکے ہیں، اسی بنا پر وہ کابینہ میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں کئی نئے چہرے بھی لائے جا سکتے ہیں۔

دریں اثنا حکومتِ سندھ سات ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک 55 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرسکی جس کے باعث صحت، تعلیم، پولیس، پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے التوا کا شکار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران سندھ کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 142 بلین روپے مختص کئے گئے تھے لیکن سندھ حکومت مختص بجٹ کے 79 ارب جاری کرنے میں ناکام رہی۔



متعللقہ خبریں