سعودی ،ایران تنازع کا خاتمہ مقدس مشن ہے

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب ایک دوسرے کو دشمن نہیں سمجھتے اور وہ بات چیت کیلئے بھی تیار ہیں ۔

423762
سعودی ،ایران تنازع کا خاتمہ مقدس مشن ہے

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب ایک دوسرے کو دشمن نہیں سمجھتے اور وہ بات چیت کیلئے بھی تیار ہیں ۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنا فرض نبھا رہا ہے دونوں برادر ممالک نے کشیدگی ختم کر انے کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ سعودی عرب اور ایران کے دورے سے بہت زیادہ مطمئن ہوں ۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور یکجہتی ہونی چاہیے ، نازک وقت میں پاکستان کیلئے مصالحتی کر دار ادا کر نا فخر کی بات ہے ۔پہلے بھی پاکستان اپنا فرض نبھاتا رہا ہے ۔ دونوں ملکوں کا رد عمل مثبت ہے ۔ اب چاہتے ہیں کہ معاملات آگے بڑھیں ، یہ ایسا وقت ہے کہ صلح ہونی چاہئے ۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا کوئی اچھی خبر ہے ؟ وزیر اعظم نے جواب دیا جی ہاں ہمارے پاس اچھی خبر ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے سے متعلق تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے ، لیکن ان تحفظات کا ذکر نہیں کروں گا۔ ہم نے دونوں ملکوں کے تحفظات سے ایک دوسرے کو آگاہ کر دیا ہے ، دونوں ملکوں میں مذاکرات کیلئے پاکستان میزبانی کو تیار ہے ۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے ایرانی وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی اور ان سے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعظم نے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی شامخانی سے ملاقات کی ۔ ادھر تہران میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ایرانی وزیر دفاع کی ملاقات بھی ہوئی ، جس میں علاقائی سلامتی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ایران کو بڑی اہمیت دیتا ہے ، خطے میں عدم استحکام کی وجہ دہشت گردی ہے ، جس کی روک تھام کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم محمد نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف دورہ سعودی عرب مکمل کرنے کے بعد ایرانی دار الحکومت تہران پہنچے ، تو پاکستانی وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا ، اعلیٰ ایرانی حکام اور کابینہ کے وزراء نے ان کا استقبال کیا ۔بعد ازاں وزیر اعظم عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کیلئے ڈیووس روانہ ہو گئے ۔



متعللقہ خبریں