شہید بچوں کے لہو کا حساب لیں گے : نواز شریف

وزیراعظم نوازشریف نے 16دسمبر کو قومی عزم تعلیم کا دن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سانحہ پشاور کے شہید بچوں کے خون کا حساب لیں گے ۔بچوں کے لہو نے قوم کو متحد کرکے راہ متعین کردی، دہشتگردوں کو ملک کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دینگے

412007
شہید بچوں کے لہو کا حساب لیں گے : نواز شریف

وزیراعظم نوازشریف نے 16دسمبر کو قومی عزم تعلیم کا دن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سانحہ پشاور کے شہید بچوں کے خون کا حساب لیں گے ۔بچوں کے لہو نے قوم کو متحد کرکے راہ متعین کردی، دہشتگردوں کو ملک کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دینگے ، وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا ناسور ملک سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیگا
انہوں نے آرمی پبلک سکول کے سانحے کی پہلی برسی کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سولہ دسمبر کے سانحے نے پوری قوم کو متحدکر دیا اور پاکستان کے مستقبل کا تعین کیا۔
انہوں نے تعلیم کے فروغ کیلئے اس دن کو قومی عزم کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنا ہوگا اور محبت اور رواداری پر مبنی پاکستان کی بنیاد رکھنا ہوگی ۔نواز شریف نے بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف بھرپور مہم شروع کرنے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام بھی فوج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں اور گرانقدر قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور مسلح افواج جرائم کے خاتمے اورکراچی میں امن کی بحالی کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قائد اعظم محمد علی جناح کے خوابوں کی روشنی میں ایک پرامن اور خوشحال پاکستان آئندہ نسلوں کے حوالے کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
اس سے پہلے بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آرمی پبلک سکول پشاور کے گیٹ پر شہداء کے والدین کا خیرمقدم کیا۔
آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سول سیکریٹریٹ لاہور میں بھی ایک خصوصی تقریب ہوئی۔ تقریب میں حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس میں شہداء اور ملک کی فلاح وبہبود کیلئے دعائیں کی گئیں۔
آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے گریژن اکیڈیمی کوئٹہ میں ایک پروقار تقریب ہوئی۔
اس موقع پر مختلف سکولوں کے بچوں نے ٹیبلواور ملی نغمے پیش کیے۔ فرنٹئیر کور بلوچستان کے زیر اہتمام خاران اور نوشکی میں بھی اس حوالے سے تقریبات ہوئیں۔ کراچی میں بھی آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحے کی پہلی برسی منائی گئی۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں