سانحہ 16 دسمبر آرمی پبلک اسکول کی یاد میں تقریبات

پاکستان بھر میں گزشتہ برس کے اس المناک اور گہرائیوں سے صدمہ پہنچانے والے واقع کی یاد میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے تو انقرہ میں بھی اس حوالے سے ایک تقریب منعقد کی جا رہی ہے

410536
سانحہ 16 دسمبر آرمی پبلک اسکول کی یاد میں تقریبات

پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بیہمانہ حملے کو ایک سال کا عرصہ بیت چکا ہے تا ہم یہ ہولناک اور کرب دہ سانحہ آج بھی ہمارے ذہنوں میں کل کی طرح تازہ ہے۔
اس مذموم حملے میں شہید ہونے والے نھنے منے بچوں کی یاد میں ملک بھر میں دعائیں مانگی جارہی ہیں تو بعض مقامات پر خصوصی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب آرمی پبلک اسکول پشاور میں منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، عباسی اور وفاقی و صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔
سانحہ 16 دسمبر میں شہید ہونے والے آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی پہلی برسی پر ملک کے چاروں صوبوں کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں بند ہیں۔
دوسری جانب شہدائے اے پی ایس کی پہلی برسی کے موقع پر وکلا برادری نے ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انقرہ میں بھی سفارتخانہ پاکستان نے شہید بچوں کی یاد میں لگائے گئے درختوں کے پارک میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ جس میں ترک حکام ، سفیر پاکستان اور عملہ سفارتخانہ، پاکستانی ایمبسی اسکول کے طلبا اور انقرہ میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن حصہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 16 دسمبر کے روز آرمی پبلک اسکول پشاور میں دہشت گردوں نے حملہ کر کے بے دردی سے 132 معصوم بچوں سمیت 144 افراد کو شہید کر دیا تھا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں