احتساب کے اداروں کے قیام کا تجربہ کامیاب رہا،صدر ممنون

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستانی تہذیب میں محتسب کا ادارہ نیا نہیں ۔

422010
احتساب کے اداروں کے قیام کا تجربہ کامیاب رہا،صدر ممنون

صدر مملکت ممنون حسین نے ایوان صدر میں 41ویں ایشیائی اومبڈزمین کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو فوری، مفت اور گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لیے احتساب کے اداروں کے قیام کا تجربہ کامیاب رہا ہے ۔ پاکستان میں کئی نئے تجربات بھی ہوئے جن سے عوامی مسائل کے حل میں آسانی ہوئی۔ ایشیائی ممالک پاکستان کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرکے مفید نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ کانفرنس میں ایشیائی ممالک کے محتسب صاحبان اور ممتاز شخصیات اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستانی تہذیب میں محتسب کا ادارہ نیا نہیں ۔ ہمارے ہاں یہ تصور صدیوں سے رائج رہا لیکن جب اسے باضابطہ ادارے کی شکل دی گئی تو بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، فاٹا کے عوام، ریٹائرڈ ملازمین اور بچوں کے مسائل کے حل کے لیے سٹینڈنگ کمیٹیوں کے قیام کا تجربہ بھی بہت کامیاب رہا۔
دریں اثنا ،صدر مملکت نے چین کے سابق سفیروں اور سفارتکاروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا پاکستان اور چین میں قیادت کی تبدیلی نے تعلقات میں تعاون کے نئے باب کا آغاز کیا ہے ، اقتصادی راہداری منصوبہ چین کے صوبوں کی ترقی کیلئے بھی معاون ہوگا اور صدر شی چن پنگ کے ون بیلٹ ،ون روڈ وژن کیلئے اہمیت کا حامل ہوگا ۔ پاکستان کو چین کے عوام کے ساتھ اپنی تاریخی وابستگی پر فخر ہے ۔ صدر مملکت نے سفیر لوشولن کی تصنیف کردہ کتاب ‘‘آپ اور ہم : چین پاکستان کی داستانیں’’ کی تعریف کی ۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں