تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی پریس بریفنگ

مجھے کوئی خاص شوق نہیں کہ میں محض ایک موضوع کو ہی پکڑے رکھوں

412036
تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان  کی  پریس بریفنگ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے لودھراں میں قبل از ضمنی انتخاب کسان پیکج کے اعلان کو دھاندلی قرار دے دیا ہے۔
عمران خان نے پریس کانفرس کا اہتمام کرتے ہوئے کہا ہےکہ لودھراں میں وزیراعظم نے کسان پیکج کا اعلان کرکے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی بنیاد رکھ دی۔ اسی طرح لاہور میں رائے دہندگان کی اجازت کے بغیر ان کے ووٹ منتقل کیے گئے۔ شفاف انتخابات تک درپیش ملکی مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ2013 کا الیکشن ملک کا سب سے زیادہ دھاندلی والا الیکشن تھا۔
لاہور کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف دھاندلی کا سارا ریکارڈ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔ ہم نے پولنگ اسٹیشن پردھاندلی روک لی تونادرا سے مل کرہمیں ہرایا گیا حتی ٰلاہور کے ضمنی انتخاب میں ووٹ غائب کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ باربار کہاجاتاہے کہ عمران خان کی سوئی دھاندلی پر پھنس گئی ہے اور ملک کے دیگر مسائل پر بات نہیں کی جاتی۔ مجھے کوئی خاص شوق نہیں کہ میں محض ایک موضوع کو ہی پکڑے رکھوں۔ اگرہم اس ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کے لئے آواز بلند نہیں کریں گے تو کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوگا، حالیہ بلدیاتی الیکشن کی مثال سب کے سامنے ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے صحافی کو ڈانٹنے پر اس سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ پارٹی چئیرمین سے پہلے انسان ہوں اور انسانی تقاضا ہے کہ کسی کے گھر میں دکھ ، درد ، تکلیف یا ماتم ہوتو اس سے ہمدردی کا اظہار کیا جائے، بجائے اس کے کہ اس کے زخموں پر نمک چھڑکا جائے، صحافی کی جانب سے اچانک ذاتی سوال پوچھنے پرغصہ آگیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا اپنی سابق بیوی سے جیسا بھی اختلاف ہولیکن میں اس کےخلاف کچھ نہیں سن سکتا، میری درخواست ہے کہ ذاتی سوالات سے گریز کیاجائے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں