غیر قانونی تارکین وطن کی وطن واپسی کا معاہدہ عارضی طور پر معطل

حکومت پاکستان نے یورپی یونین کے ملکوں میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کو بلا کسی تحقیق کے پاکستان واپس بھیجنے کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے

412206
غیر قانونی تارکین وطن کی وطن واپسی کا معاہدہ عارضی طور پر معطل

پاکستان نے یورپی یونین کے ساتھ غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا معاہدہ عارضی طور پر معطل کردیاہے۔ واضح رہے اس معاہدے کےتحت یورپی یونین کے ممالک میں غیر قانونی طور پر قیام پذیر پاکستانی شہریوں کو وطن واپس بھیج دیا جاتا تھا۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ہم نے یورپی یونین کے ساتھ قائم غیر قانونی طور پر یونین کے ملکوں میں قیام کرنے والے تارکین وطن کی واپسی کا معاہدہ عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکثر یورپی ملک پاکستانی حکام سے دریافت کیے بغیر ہی پاکستانی شہریوں کو ملک بدرکردیتے ہیں تاہم یورپ کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستانیوں کے بھی حقوق ہیں، گزشتہ سال 90 ہزار پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا تا ہم اب ایسا نہیں ہوگا، مستقبل میں حکومتی اداروں کی ان پاکستانیوں کے بارے میں اپنی تحقیقات مکمل کیے بغیر یورپ نے پاکستانی پناہ گزینوں کو واپس بھیجا تو طیارے کو پاکستانی سر زمین پراترنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اس حوالے سے یورپی ممالک آگاہی کرا دے گی۔اگرچہ پاکستان اس معاہدے کی پاسداری کرے گا لیکن ان افراد کو پاکستان میں اس وقت تک داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک ان افراد کے بارے میں تحقیقات نہ کرلی جائیں کہ وہ پاکستانی ہی ہیں اور اُن کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغربی ممالک میں ایسے پاکستانیوں پر جو ان ملکوں کے شہری بھی ہیں جن کو جان بوجھ کر شدت پسندی کے الزامات لگا کر واپس بھجوا دیا جاتا ہے، لیکن جس طرح یورپی انسانی حقوق کے بارے میں پاکستان کو لیکچر دیتے رہتے ہیں وہ خود بھی انسانی حقوق کی پاسداری کریں۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں