زلزلہ متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کی جائیگی ، نوازشریف

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں ہولناک زلزلے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا ۔

359144
  زلزلہ متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کی جائیگی ، نوازشریف

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت ملک بھر میں ہولناک زلزلے کے بعد کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید، گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ شریک تھے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے اور ڈی جی ملٹری آپریشنز نے شرکاء کو زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی جب کہ این ڈی ایم اے کے میجر جنرل نے زلزلے کے بعد کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ زلزلے سے ملک بھر میں اب تک 250 افراد جاں بحق اور 1700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جب کہ زلزلے کے باعث 2500 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت زلزلہ متاثرین کو امداد اور بحالی کی اہلیت رکھتی ہے جب کہ متاثرہ شہریوں کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام وسائل متاثرین کی مدد پر صرف کئے جائیں گے اور صوبائی حکومتوں سے متاثرین کو بچانے،امداد اور بحالی میں تعاون کرینگے جب کہ نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کے بعد متاثرین کے لئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائیگا۔
اجلاس کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے زلزلے سے متاثرہ علاقے شانگلہ کا دورہ کیا ۔ شانگلہ پہنچے پر وزیراعظم کو زلزلے سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ شانگلہ میں زلزلے سے49افراد جاں بحق ہوئے اور دوردراز علاقے ہونے کی وجہ سے تفصیلات جمع کرنے میں مشکلات ہیں تاہم متاثرہ علاقوں سے متعلق معلومات جمع کی جارہی ہیں جب کہ این ایچ اے نے تمام اہم شاہراہیں بحال کر دیں ہیں۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں