افغانستان سے گولہ باری کے نتیجے میں چار پاکستانی فوجی ہلاک

پاکستانی فوج کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں نے اخوند والا چیک پوسٹ پر راکٹ داغ کر کم از کم چار پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اخوند والا چیک پوسٹ آٹھ ہزار فٹ کی بلندی پر قائم کی گئی ہے

339608
 افغانستان سے گولہ باری کے نتیجے میں چار پاکستانی فوجی ہلاک

پاکستانی فوج کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں نے اخوند والا چیک پوسٹ پر راکٹ داغ کر کم از کم چار پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوج کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اتوار کو قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں اخوند والا پاس میں سکیورٹی فورسز پر سرحد پار سے راکٹ فائر کیے گئے۔
اخوند والا چیک پوسٹ آٹھ ہزار فٹ کی بلندی پر قائم کی گئی ہے۔ یہ پوسٹ خیبر علاقے میں واقع ہے۔ پاک فوج کے بیان میں مزید بیان کیا گیا کہ جوابی کارروائی سے حملہ آور دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا۔
اس علاقے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پیش آنے والے واقعات اور جانی نقصان کی آزاد ذرائع سے تصدیق تقریباً نا ممکن ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب پاکستانی فورسز سرحد پار سے دہشت گردوں کا نشانہ بنی ہیں۔ لیکن یہ تازہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب رواں ماہ ہی افغانستان اور پاکستان نے ایک دوسرے پر سرحد پار فائرنگ اور گولہ باری کے الزامات عائد کیے جن سے تعلقات میں ایک بار پھر کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے ہی پاکستان نے اسلام آباد میں افغان سفیر کو طلب کر کے سرحد پر ہونے والی جھڑپ میں اپنے تین سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت پر احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں