کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں: وزیراعظم نواز شریف

کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہو رہا ہے ، شجاع خانزادہ اور رشید گوڈیل پر حملے ہمارے عزائم کمزور نہیں کر سکتے ، چینی حکومت کی طرف سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت قابل فخر ہے ، کے ٹو اور کے تھری منصوبہ پاک چین دوستی کو پروان چڑھائے گا

335973
کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں: وزیراعظم نواز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے، جرائم پیشہ افراد کےخلاف ہے، آپریشن شروع کرتے وقت تمام جماعتوں نے آپریشن کی حمایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہو رہا ہے ، شجاع خانزادہ اور رشید گوڈیل پر حملے ہمارے عزائم کمزور نہیں کر سکتے ، چینی حکومت کی طرف سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت قابل فخر ہے ، کے ٹو اور کے تھری منصوبہ پاک چین دوستی کو پروان چڑھائے گا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں ہاکس بے کے قریب واقع کینوپ ایٹمی پلانٹ میں کے ٹو منصوبے کی کنکریٹ پورنگ منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کے بعد منصوبے کی کامیابی کے لئے دعا مانگی گئی۔
وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیں گی ، دہشت گرد بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ کراچی گورنر ہاؤس میں امن و امان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن سیاسی جماعتوں کےد اتفاق رائے سے شروع کیا گیا ہے ۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز سے متعلق سپریم کورٹ کی رہنمائی موجود ہے۔نواز شریف نے ہدایت کی کہ تمام جماعتوں سے عسکری ونگ ختم کیے جائیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی وارداتیں تقریباً ختم ہو چکی ہیں، کراچی آپریشن کو ہر صورت کامیاب بنانا ہے۔
ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی پر قاتلانہ حملے پر انہوں نے بتایا کہ رشید گوڈیل پر حملے کے مجرموں کو جلد پکڑ لیں گے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے میں کچھ وقت لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن وامان پہلی ترجیح ہے، ابھی تو سانحہ بلدیہ ٹاؤن جیسے واقعات کی تہہ تک پہنچنا ہے۔

 

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں