شریف خاندان نے کوئی قرض معاف کرایانہ ہڑپ کیاہے: شہباز شریف

دسمبر 2014ء میں اتفاق فاؤنڈری کے ذمے 5ارب 22 کروڑ80لاکھ روپے کے قرضے سود اور کاسٹ آف فنڈ سمیت ادا کرچکے ہیں۔اس ضمن میں بینکوں کے کنسورشیم نے کلیئرنس سر ٹیفکیٹ بھی جاری کردیا ہے

338200
شریف خاندان نے کوئی قرض معاف کرایانہ ہڑپ کیاہے: شہباز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے کوئی قرض معاف کرایانہ ہڑپ کیا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ماڈل ٹاؤن میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2014ء میں اتفاق فاؤنڈری کے ذمے 5ارب 22 کروڑ80لاکھ روپے کے قرضے سود اور کاسٹ آف فنڈ سمیت ادا کرچکے ہیں۔اس ضمن میں بینکوں کے کنسورشیم نے کلیئرنس سر ٹیفکیٹ بھی جاری کردیا ہے ۔پاکستان کی بینکنگ کی تاریخ میں اتنی بڑی ادائیگی کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی کہ جہاں پر اصل زر کے ساتھ17سال کا مارک اپ،کاسٹ آف فنڈ اوردیگر چارجز بھی ادا کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ بینکوں کی ایک ایک پائی ادا کی ہے جس پر ہمیں بجاطورپر فخر ہے ۔لاہور ہائی کورٹ کے 23دسمبر2014ء کے فیصلے میں بھی کہاگیا ہے کہ کورٹ کی تشکیل شدہ کمیٹی نے تصدیق کردی ہے کہ اتفاق گروپ کی طرف سے تمام بینکوں کے واجبات ادا کردیئے گئے ہیں ۔ا نہوں نے اس موقع پر بینکوں کی طرف سے دی گئی دستاویزات بھی دکھائیں ۔شہباز شریف نے کہا کہ نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں اتفاق گروپ کے قرضوں سے متعلق بھجوائے ریفرنس کے حوالے سے خبروں پر بے حد افسوس ہوا ۔میں اس حوالے سے کئی بار قوم کو حقائق سے آگاہ کرچکا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2جنوری 1972ء کو وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے اتفاق فاؤنڈریز کو بغیر کوئی معاوضہ دیے قومیا لیا،لیکن ہمارے بزرگوں نے 18ماہ کے اندر محنت کے ذریعے اسی شہر میں چھ مزید فیکٹریاں لگائیں ،16جولائی1979ء کو تباہ حال اتفاق فاؤنڈری دوبارہ ہمارے حوالے کی گئی تو دن رات محنت کر کے اسے دوبارہ چلایا۔
مشرف نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اتفاق فاؤنڈری کاریفرنس بنوایا جو کورٹ میں پڑا رہا ،اگر اس میں کچھ حقیقت ہوتی تو فیصلہ ہوتا،انہوں نے کہا کہ میں یہ بات ایک قابل فخر پاکستانی کی طرح کہہ سکتا ہوں کہ وزیراعظم نوازشریف نے اتفاق فاؤنڈریز کے ذمے جتنے قرض تھے سب ادا کیے ۔ان حقائق کے ہوتے ہوئے میں سمجھتا ہوں کہ اخبارات میں جو خبریں شائع ہوئی ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں