پاکستان کی سرحدوں کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائیگا: پاک فوج

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں انتہائی افسوسناک قرار دیا گیا ۔

301362
پاکستان کی سرحدوں کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائیگا: پاک فوج

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف و دیگر اعلیٰ فوجی افسران نے شرکت کی۔ کانفرنس میں بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا گیاہے کہ پاک فوج پاکستان کی علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی اور پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی ۔ کانفرنس کو ملک کو درپیش چیلنجز اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں اور ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کو مار بھگایا گیا ہے اور ان کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔ اب جنگ پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے کچھ علاقے تک رہ گئی ہے ۔ آخری دہشت گرد اور ان کے ٹھکانوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کمانڈرز پر زور دیا کہ وہ پھنسے ہوئے دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکنے کیلئے تمام اقدامات کریں۔ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ ہمیں پاکستان کو پرامن اور دہشت گردی سے پاک ملک بنانے کے نصب العین کے حصول پر توجہ مرکوز رکھنا ہو گی۔ پاکستان کو درپیش متعدد اور پیچیدہ چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے آرمی چیف نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم انتہائی پرامن ہے اور وہ مشکل کی اس گھڑی میں پہلے ہی فتح کے راستے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بڑا اجتماعی مقصد پاکستان کو محفوظ ، مضبوط اور خوشحال ملک بنانا ہے ۔ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو سراہا اور فوجی افسران اور جوانوں کی تعریف کی اور مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے بھارت کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے اقدامات اور حالیہ مخالفانہ بیانات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ بھارتی وزرا نہ صرف ان اقدامات میں ملوث ہیں جو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں بلکہ وہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے دعوؤں پر فخر بھی محسوس کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جغرافیائی حدود کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
دریں ا ثناء وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی بیانات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت یاد رکھے کہ پاکستان برما نہیں بلکہ ایٹمی قوت ہے اور اگر بھارت ایک انچ بھی سرحد کے اندر آیا تو اسے اسکا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ بھارتی وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان کے بیانات پاک بھارت تعلقات کو زہر آلود کررہے ہیں ۔ہم بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور پاک فوج کو پوری دنیا سراہتی ہے ، جو اس وقت دہشت گردوں کے خلاف کامیاب جنگ لڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے بھارت کو بہت تکلیف ہوئی ہے ، بھارت نے سرحدی خلاف ورزیوں کو وتیرہ بنالیا ہے جبکہ بھارت کے ساتھ سارا جھگڑا کشمیر کا ہے جس پر پاکستان آج بھی امن کا خواہشمند ہے کیونکہ کشید گی کی صورتحال برصغیرمیں بہت بڑی تباہی کاپیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے ۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں