پاک چین اقتصادی راہداری کیخلاف دشمن یکجا: نواز شریف

پاک چین اقتصادی راہداری ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس سے پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی ۔

291876
پاک چین اقتصادی راہداری کیخلاف دشمن یکجا: نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نےبلوچستان میں امن و امان کے بارے کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے ۔ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو ہر قیمت پر ختم کردیا جائے گا۔ اپریشن ضرب عضب کامیابی کیساتھ جاری ہے ۔آئی ڈی پیز واپس اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور شہریوں نے بے مثال قربانیاں دیکر ملکی سلامتی کو یقینی بنایا ہے ۔قومی اتفاق رائے اور یکجہتی سے ملک دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملائیں گے۔ پاک چین اقتصادی راہداری ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس سے پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی ۔پاکستان کی اس متوقع ترقی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے تمام دشمن یکجا ہوگئے ہیں۔ ملکی اور غیر ملکی عناصر اپنے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے پاکستان میں موجود اپنی ڈوریاں ہلاتے ہیں جس سے سانحہ مستونگ جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔اس واقعہ نے پاکستان دشمن قوتوں کے عزائم کو واضح کردیا ہے لیکن ہم قومی یکجہتی کے ذریعے ایسے تمام عزائم کوناکام بنا دینگے ۔ عوام کو تحفظ کی فراہمی ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پور ا کیا جائے گا۔ نیشنل ایکشن پلان، پاک چین اقتصادی راہداری سمیت تمام قومی فیصلہ سازی پر یکجہتی اس کی واضح دلیل ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دشمن پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے ، اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارتی وزیر کے بیانات سے بھارت کے عزائم کی عکاسی ہوگئی ہے ، بھارت نے اس منصوبے پر چین سے بھی تحفظات کا اظہار کیا، لیکن چین نے بھارت کے موقف کو مسترد کر دیا،سانحہ مستونگ میں ملکی اور غیر ملکی عناصر ملوث ہوسکتے ہیں، پاکستان کی سیاست میں پختگی آرہی ہے اور قومی ایکشن پلان پر بھی تمام جماعتوں نے متحد ہوکر تمام فیصلے کیے ۔ دشمن پاکستان میں قومی یکجہتی کی فضاء کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے ۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں