اقتصادی راہداری منصوبے پرتمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق

وزیراعظم نے کہا کہ اگرہم متحد ہو کر آگے بڑھتے ہیں تو اس سے چین کو یہ اچھا پیغام جائے گا کہ پوری پاکستانی قوم اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے پرعزم ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ یہ اہم منصوبہ پاکستان کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا

295758
اقتصادی راہداری منصوبے پرتمام سیاسی جماعتوں  کا اتفاق

وزیراعظم نواز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملکی مفاد میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں اتفاق رائے پیدا کریں۔آج اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہداری پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ اگرہم متحد ہو کر آگے بڑھتے ہیں تو اس سے چین کو یہ اچھا پیغام جائے گا کہ پوری پاکستانی قوم اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے پرعزم ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ اہم منصوبہ پاکستان کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔چین سے آنے والی اس سرمایہ کاری کی پاکستان میں مثال نہیں ملتی اور اس کا سہرا تمام سیاسی جماعتوں کے سر ہے۔ تمام سیاسی قیادت بھی منصوبے پر متفق ہو گئی ہے۔ ملک میں سیاسی نظام پختہ ہو رہا ہے۔ سیاستدانوں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے۔ قومی معاملات پر ایک ہونے کی مثبت روایت برقرار رہنی چاہیے۔ نواز شریف نے کہا کہ خنجراب سے گوادر کی راہداری میں مغربی الائنمنٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ دوسری جانب سیاسی قیادت نے پاک چین اقتصادی راہدرای منصوبے کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ راہداری کی تعمیر سے پاکستان میں معاشی ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ منصوبے پر قومی سطح پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ میانوالی اور ڈیرہ اسماعیل خان سیکشن پر اسی سال کام شروع ہو جائے گا۔ جماعت سلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ اقتصادی راہدری پاکستان کی معاشی خوشحالی کا ذریعہ بنے گی۔ اتفاق رائے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کیلئے خاص طور پر خوش آئند ہے۔ ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ منصوبے کو قومی بنانے کیلئے نگران پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے اسفند یار ولی نے کہا کہ تمام جماعتوں نے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کیا۔ تمام بڑے فیصلے ایسے ہی مل بیٹھ کر کرنے چاہئیں۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام جماعتوں کے مطالبات مان لئے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں