عسکری قیادت نے دہشتگردی میں "را" کے ملوث ہونے کا نوٹس لے لیا

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب، کراچی آپریشن، ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور فوج کے پیشہ ورانہ امور سمیت اہم ایشوز پر تفصیلی غور کیا گیا

262829
عسکری قیادت نے دہشتگردی میں "را" کے ملوث ہونے کا نوٹس لے لیا

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب، کراچی آپریشن، ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور فوج کے پیشہ ورانہ امور سمیت اہم ایشوز پر تفصیلی غور کیا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انٹیلی جنس کی بنیاد پر مجرموں، دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر کانفرنس میں کہا گیا کہ دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی بلا امتیازاور غیر سیاسی ہے جب کہ کانفرنس میں عسکری قیادت نے ملک کے مختلف حصوں اور فاٹا میں چھپے دہشت گردوں کو نشانا بنانے کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
دہشتگردی سے پاک پاکستان قومی عزم ہے۔ اعلیٰ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشتگردوں اور مجرموں کیخلاف آپریشن غیر سیاسی ہے۔ قوم کی مدد سے آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کا مقصد ملک میں امن قائم کرنا ہے۔ مسلح افواج نے ان گمراہ افراد کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں۔آرمی چیف نے ہدایات جاری کیں کہ قبائلی علاقوں میں چھپے ہوئے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا جائے جبکہ شہروں میں چھپے ہوئے دہشتگردوں اور ان کے ساتھیوں کے خلاف خفیہ معلومات پر آپریشن کو تیز کیا جائے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں