پاک فوج کا طالبان کے خلاف فوجی آپریشن جاری

پاکستانی فوج کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن "خیبر ٹو" کے دوران اب تک 80 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ سات فوجی شہید بھی ہوئے ہیں

276179
پاک فوج کا طالبان کے خلاف فوجی آپریشن جاری

پاک فوج نے طالبان کے خلاف فوجی آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
پاکستانی فوج کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن "خیبر ٹو" کے دوران اب تک 80 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ میجرجنرل عاصم باجوہ نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ آپریشن کے دوران سے تقریباً 100 دہشت گرد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سات فوجی شہید بھی ہوئے ہیں۔
فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران قبائلی علاقے کا مزید علاقہ دہشت گردوں سے صاف کر دیا گیا ہے اور پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب کارروائیاں جاری ہیں جن میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ان کے مطابق دہشت گرد اب خیبر ایجنسی میں اپنے ٹھکانوں سے افغان سرحد کی جانب فرار ہو رہے ہیں اور ان کے مکمل خاتمے تک آپریشن پوری طاقت سےجاری رہے گا۔
خیال رہے کہ پاکستانی فوج نے رواں ماہ کی 13 اور 18 تاریخ کو خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائیوں میں درجنوں شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔
خیبر ایجنسی تین سب ڈویژنوں باڑہ، جمرود اور لنڈی کوتل پر مشتمل ہے اور یہاں گذشتہ سال اکتوبر میں باقاعدہ فوجی آپریشن شروع کیا گیا تھا جبکہ اس سے پہلے بھی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری تھیں۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں