لاہور میں دو دہماکوں کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک 80 سے زائد زخمی

یہ دھماکے آج اتوار کو اُس وقت ہوئے جب دو کلیساؤں میں خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقاد ہو رہا تھا۔ اتوار کی خصوصی عبادات جاری تھیں کہ 2 خودکش حملہ آوروں نے اندر جانے کی کوشش کی تاہم وہاں سیکیورٹی پر مامور افراد نے انہیں روک لیا جس پر انہوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا

264540
لاہور میں دو دہماکوں کے نتیجے میں  14 افراد ہلاک 80 سے زائد زخمی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے مرکزی شہر لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں یکے با دیگرے دو بم دھماکوں میں کم از کم 14 ہلاکتوں اور قریب 80 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
یہ دھماکے آج اتوار کو اُس وقت ہوئے جب دو کلیساؤں میں خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقاد ہو رہا تھا۔
اتوار کی خصوصی عبادات جاری تھیں کہ 2 خودکش حملہ آوروں نے اندر جانے کی کوشش کی تاہم وہاں سیکیورٹی پر مامور افراد نے انہیں روک لیا جس پر انہوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔ دھماکوں کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جنہیں اپنی مدد آپ کے تحت جنرل اسپتال پہنچایاگیا۔ اسپتال انتظامیہ نے 2 بچوں سمیت 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ 65 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔
دھماکے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا، مشتعل افراد نے جائے وقوعہ سے دو مشکوک افراد کو پکڑ لیا تاہم انہوں نے انہیں پولیس کے حوالے کرنے کے بجائے تتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فیروز پور روڈ پر زندہ جلادیا، جس کے بعد مظاہرین نے میٹرو بس سروس روڈ پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کرکے بس سروس معطل کردی اور بس سروس کے کئی جنگلے توڑ دیئے۔ حکومت نے مظاہرین کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لئے واٹر کینن بھی طلب کرلی۔
ترجمان حکومت پنجاب سردار زعیم قادری نے کہا کہ انہیں اس واقعہ پر شدید افسوس ہے ، دہشتگردوں نے ایک بار پھر معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا ، حکومت معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دے گی اور ان سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا ۔ دوسری طرف وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے افسوسناک واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ وہ اس سانحے میں مرنے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بھی واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے ۔



ٹیگز:

متعللقہ خبریں