ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے ناکام ہوں گے: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان برائیوں کو ختم کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، رکاوٹیں ڈالنے والے ناکام ہوں گے

228522
ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے ناکام ہوں گے: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان برائیوں کو ختم کرکے ہی دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، رکاوٹیں ڈالنے والے ناکام ہوں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوارکو جاتی امرا رائے ونڈ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔
انھوں نے کہا کہ ترقی کا خواب امن کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، ملک میں کئی دہائیوں سے پھیلی دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کرچکے ہیں جس کے لیے حکومت، افواج سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور پوری قوم ایک پیج پر اور یکسو ہیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سینیٹ انتخابات، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی رفتار، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع ردوبدل کے علاوہ ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف حکومت، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ملک کو بے شمار چیلنج درپیش ہیں، ان سے راہ فرار اختیار نہیں کریں گے بلکہ ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ عوامی مسائل کے حل کی راہ میں آنے والی رکاوٹیں مرحلہ وار ختم کر رہے ہیں، انشا اللہ جلد سرخ رو ہوں گے۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں