چودھری محمد سرور کا پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سابق گورنر چودھری محمد سرور پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں۔

216257
چودھری محمد سرور کا  پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سابق گورنر چودھری محمد سرور پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں۔انھوں نے منگل کو لاہور میں ایک نیوز کانفرنس میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے اس موقع پر کہا کہ ''میں نے اپنے چالیس سالہ سیاسی تجربے کے دوران یہ دیکھا ہے کہ متحد جماعتیں انتخابات جیت جاتی ہیں اور منتشر جماعتیں ناکام رہتی ہیں۔پی ٹی آئی میں اتحاد کی وجہ سے ایک صلاحیت ہے''۔
انھوں نے کہا کہ ''ہم ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں تعلیم عام ہو اور عام لوگ بھی انصاف حاصل کرسکیں''۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا مقصد وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ حاصل کرنا نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنا ہے۔عمران خان نے چودھری محمد سرور کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ ''وہ عام سیاست دان نہیں ہیں۔انھوں نے برطانیہ میں لیبر پارٹی کے لیے بہت کام کیا ہے۔انھوں نے اپنے تجربے کے پیش نظر پی ٹی آئی کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔قبل ازیں گذشتہ اتوار کو چودھری سرور نے پی ٹی آئی کے چئیرمین سے اسلام آباد کے علاقے بنی گالا میں واقع ان کی قیام گاہ پرملاقات کی تھی۔عمران خان نے انھیں پی ٹی آئی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دی تھی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر چودھری سرور نے جماعت میں شمولیت کے لیے یہ شرط عاید کی تھی کہ انھیں اس کا صدر بنایا جائے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں