پاکستان میں فوجی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے اہم بیان

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ایک خصوصی انٹرویو میں سیاسی جماعتوں کے فوجی عدالتوں کے قیام کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے

169524
پاکستان میں فوجی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے اہم بیان

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں کا قیام عظیم تر جمہوریت کی راہ میں ایک اہم قدم تشکیل دے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضربِ عضب ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا آغاز ہے جو کہ اب قومی آپریشن کی شکل اختیار کرگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی ہزار ہا کارروائیاں کی گئیں۔ جس دوران 4 ہزار افراد گرفتار ہوئے ہیں۔ انسدادِ دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل پر ملک کی سیاسی جماعتوں اور عسکری قیادت کے اتفاقِ رائے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک علاقے میں شروع کی گئی کارروائی اب ملک بھر کی جنگ بن چکی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ شدت پسند تنظیموں کی قیادت کا ملک چھوڑ کر افغانستان فرار ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ آپریشن ضربِ عضب نے انہیں خوفزدہ کردیا ہے۔
عاصم سلیم نے مزید بتایا کہ فوجی عدالتوں کا قیام ان 20 نکات میں سے صرف ایک ہے جو قومی ایکشن پلان کاحصہ ہیں۔فوجی عدالتیں عظیم ترجمہوریت کی جانب ایک قدم ہے جس کا فیصلہ سیاسی جماعتوں نے پاکستان کے مفاد میں ہی کیاہے۔ فوجی عدالتوں کے قیام سے کوئی واضح فرق نہیں پڑے گا، سول اور ان خصوصی عدالتوں میں صرف فوجی نظم و ضبط کی موجودگی ہی واحد واضح فرق ہوگا۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں