عوام کو اپنے ارد گرد دہشتگردوں پر نظر رکھنا ہوگی: چوہدری نثار

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ دہشتگردی کے موجودہ خطرے کے پیش نظر محتاط رہیں اور ملک کی سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ متعلقہ حکام کو مطلع کرنے کی غرض سے شہریوں کی سہولت کیلئے تمام ٹیلی فون نیٹ ورکس کا ایک خصوصی ٹیلی فون نمبر فراہم کیاجائے گا

155569
عوام کو اپنے ارد گرد دہشتگردوں پر نظر رکھنا ہوگی: چوہدری نثار

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ دہشتگردی کے موجودہ خطرے کے پیش نظر محتاط رہیں اور ملک کی سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔
اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت کے بارے میں متعلقہ حکام کو مطلع کرنے کی غرض سے شہریوں کی سہولت کیلئے تمام ٹیلی فون نیٹ ورکس کا ایک خصوصی ٹیلی فون نمبر فراہم کیاجائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فوج کئی برس سے دہشتگردی کے خلاف لڑ رہی ہے ، تاہم اب ہر شہری کو ملک اور عوام کی سیکورٹی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد سانحہ پشاور جیسے غیر انسانی فعل کی تیاری کر رہے ہیں اس لئے وقت آگیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم کو متحرک ہونا ہوگا جب کہ خواتین اور بچوں کی فکر نہ ہوتی تو میران شاہ کو بمباری کر کے کب کا تباہ کردیا ہوتا۔
اُنہوں نے کہا کہ فوج ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اس نے فوجی کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں کو کبھی نشانہ نہیں بنایا۔
اُنہوں نے کہا کہ آپریشن کے آغاز میں وزیراعظم اور بری فوج کے سربراہ کے درمیان ملاقات میں مالی نقصان سے بچنے پر خصوصی زوردیاگیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات سے متعلق ذرائع ابلاغ کیلئے ضابطہ اخلاق وضع کرنے پر کام جاری ہے اور اس ضابطے پر سختی سے عمل کیاجائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ کسی کو بھی دہشتگردوں کو ہیرو بنا کر پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

چوہدری نثارعلی نے کہا کہ ملک کی سیکورٹی سے زیادہ کوئی چیزاہم نہیں، موبائل فون کمپنیاں غیرقانونی سمیں جاری نہ کریں اور اگر ایسا کیا گیا تو ان کے خلاف مقدمہ درج ہوگا، پشاور سانحہ میں ایک خاص کمپنی کی 5 سمیں ایک ہی دن جنوبی پنجاب سے خاتون کے نام پر جاری ہوئیں اور اس کمپنی کے خلاف کارروائی کے لئے غور شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے ہوٹل مالکان کو متنبہ کیا کہ اگر کسی دہشت گرد کو ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تو ذمہ دار مالک ہوگا اس لئے ہوٹل مالکان سے اپیل ہے کہ پیسے کی خاطر کسی مشتبہ شخص کو کمرے کی چابی نہ دیں اورکوائف جمع کئے بغیر کسی پر اعتماد نہ کریں۔



ٹیگز:

متعللقہ خبریں