30 نومبر کو روکا گیا تو سخت مقابلہ ہوگا: عمران خان

گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 30 تاریخ کو پاکستان کی جنگ ہے جس میں ہم سب کو اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہونا ہے اور نوجوانوں کے ساتھ خواتین کو بھی نکلنا ہوگا

202784
30 نومبر کو روکا گیا تو سخت مقابلہ ہوگا: عمران خان

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر 30 نومبر کو ان کی راہ میں کوئی رکاوٹ کھری کی گئی تو وہ تمام حدود کو پھلانگ کر ان کی راہ مسدود کرنے والے تمام فریقین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 30 تاریخ کو پاکستان کی جنگ ہے جس میں ہم سب کو اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہونا ہے اور نوجوانوں کے ساتھ خواتین کو بھی نکلنا ہوگا، وہ 102 دن سے دھرنا اپنے لئے نہیں بلکہ پاکستانیوں کے لئے دے رہے ہیں، ناانصافی کے خلاف پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، نواز شریف اور چوہدری نثار سن لیں کہ اگر انہوں نے 30 نومبر کو بھی 31 اگست کی طرح پولیس تشدد کیا تو وہ اس بار ان کا مقابلہ کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حقیقی جمہوریت کے لئے جو چیزیں ضروری ہیں ان میں سب سے پہلے صاف شفاف الیکشن کا انعقاد ہے، ووٹ عوام کا سب سے بڑا ہتھیار ہے لیکن جب دھاندلی کرکے حکومت آتی ہے تو اسے عوام کی پرواہ نہیں ہوتی، جمہوریت میں عوام کا حق ہے کہ انہیں تعلیم اور روزگار ملے، جمہوریت میں عوام حکمرانوں سے سوال کر سکتے ہیں، وہ نواز شریف اور آصف زرداری سے پوچھ سکتے ہیں کہ انہوں نے اثاثے کہاں سے بنائے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ جمہوریت کا حسن ہے لیکن بادشاہت میں میرٹ نہیں ہوتا، جمہوریت میں وزیر اعظم کا سمدھی وزیر خزانہ اور بھائی وزیر اعلیٰ نہیں بن سکتے۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستانی قوم اب جاگ چکی ہے اور اپنے حقوق کے لئے کھڑی ہونے کے لئے تیار ہے، اگر ہم نہ جاگتے تو ہمارے بچے ان حکمرانوں کے بچوں کی غلامی کرتے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں ہمیشہ سیاسی شعور تو دیکھا تھا لیکن اس بار جب وہاں گیا تو دیکھا کہ لوگ تبدیلی نہ آنے کہ وجہ سے مایوس تھے، انہیں خوف تھا کہ جو جماعت ذوالفقار علی بھٹو جیسے عظیم لیڈر کے نام پر ووٹ لیتی رہی اس میں اب آصف زرداری کیسے آگئے، نواز شریف اور آصف زرداری 25 سال سے باریاں لے رہےہیں، ان کی باریوں سے قبل ایک ڈالر 15 روپے کا تھا لیکن انہوں نے حکومت میں آکر ڈالر 103 کا کردیا، یہ دونوں قوم کا پیسہ لوٹ کر امیر ہوتے گئے اور قوم غریب ہوتی گئی۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں