پنجاب کے بعد سندھ سیلاب کی لپیٹ میں

پنجاب میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لئے پنجاب حکومت نے چیف منسٹر فنڈ فار فلڈ ریلیف قائم کردیا۔ سیلابی ریلا رحیم یار خان سے گزرتا ہوا آج رات سندھ میں داخل ہو جائے گا

127103
پنجاب کے بعد سندھ سیلاب کی لپیٹ میں

پاکستان میں سیلاب کے ریلے نے پنجاب کے بعد سندھ کی جانب بڑھنا شروع کردیاہے۔ حکومت سندھ نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے اقدامات اٹھانا شروع کردیے ہیں۔
دریائے چناب کا بڑا سیلابی ریلا رحیم یار خان سے گزرتا ہوا سندھ میں داخل ہو رہا ہے ، دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے ، علاقے سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔
سیلابی ریلا رحیم یار خان سے گزرتا ہوا آج رات سندھ میں داخل ہو جائے گا ۔ رحیم یار خان میں پانی کا بہاؤ ساڑھے چار لاکھ کیوسک سے زیادہ ہونے کا امکان ہے ۔ دریائے چناب پر ہیڈ قادر آباد سے ہیڈ پنجند کے قریب متعدد بند توڑنے سے پانی کے بہاؤ میں کمی ہوئی ہے جس کے بعد آئندہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران دریائے سندھ میں گدو اور سکھر کے مقام پر 4 سے 5 لاکھ کیوسک گزرنے کا امکان ہے۔
پنجاب میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لئے پنجاب حکومت نے چیف منسٹر فنڈ فار فلڈ ریلیف قائم کردیا۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے جس سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ اس قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی امداد ہم سب کی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں چیف منسٹر فنڈ فار فلڈ ریلیف قائم کردیا گیا ہے۔ جس میں پنجاب کابینہ اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے، وہ بیرون ملک پاکستانیوں اور ملک کے مخیر حضرات سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ متاثرین کی مدد کرکے ان کے دکھوں میں شریک ہوں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے باعث 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں