کارکنوں کی رہائی تک مذاکرات نہیں ہوں گے: طاہرالقادری

عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے ہفتے کے روز اپنے کارکنان سے خطاب کے دوران حکومت مخالف سخت لہجہ استعمال کیا

124603
کارکنوں کی رہائی تک مذاکرات نہیں ہوں گے: طاہرالقادری

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بروز ہفتہ اپنے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی رہائی تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے علاوہ ان کے ذاتی محافظوں کو بھی گرفتار کرکے ان پر پی ٹی وی پر حملے کا الزام لگایا ہے حالانکہ وہ اس وقت ان کی ذاتی حفاظت پر مامور تھے۔ ایک جانب حکومت دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کرتی ہے اور دوسری جانب معصوم انسانوں کو گرفتار کرتی ہے۔ جس سے ہمارے سیکیورٹی انتظامات کو کمزور بنایا جا رہا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ نواز شریف کی حکومت خود دہشتگردی کروانا چاہتی ہے۔ اگر ان پر دہشت گردی کا کوئی بھی اقدام ہوا تو اس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی اور پھر نواز شریف حکومت 24 گھنٹے تک بھی نہیں رہے گی۔ یہ ہمارا صبر ہے کہ حکمران مزید کچھ وقت اقتدار پر موجود ہیں۔ ایک جانب دہشتگردی کی انتہا اور دوسری جانب ان کے سیکیورٹی گارڈز پر الزام لگانا جھوٹ کی انتہا ہے۔ حکومت جو چاہے کرکے دیکھ لے ہم نہیں ہٹیں گے۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکومت اب اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے مزید ریاستی جبر اس کا عکاس ہے۔ ہمارے 30 ہزار کارکنوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے لئے انسانی رویہ بھی ہونا چاہیئے۔ حکومت سے ان کے مذاکرات اس وقت تک نہیں ہوسکتے جب تک پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار کارکن رہا نہیں ہوجاتے۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں