نہ استعفیٰ دوں گا اور نہ ہی چھٹی پر جاوں گا: نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نے برملا کہا ہے کہ وہ نہ استعفیٰ دِن گے اور نہ ہی چھٹی پر جائیں گے۔ عوام کا مینڈیٹ یرغمال بنانے کی روایت نہیں پڑنے دی جائے گی۔ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے اور عوام ہی ہمیں اس عہدے سے ہٹا سکتے ہیں

110950
نہ استعفیٰ دوں گا اور نہ ہی چھٹی پر جاوں گا: نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ،رحمان ملک، فاروق ستار، بابر غوری، مولانا فضل الرحمان،محمود خان اچکزئی، سراج الحق،آفتاب شیرپاؤ، اعجاز الحق، حاجی عدیل ، غلام احمد بلور اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارلیمانی سربراہوں نے وزیراعظم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں دائر ممکنہ ماورائے آئین اقدام مقدمے میں فریق بننے کا بھی فیصلہ کیا۔

وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ ’پاکستان میں کوئی ایسی روایت نہیں پڑنے دی جائے گی کہ چند لوگ دھونس کے ذریعے کروڑوں لوگوں کے مینڈیٹ کو یرغمال بنا لیں۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’ کسی دباؤ کے تحت استعفیٰ ہرگز نہیں دیں گے نہ چھٹی پر جائیں گے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں شریک رہنماؤں نے پہلے سے منظور کردہ قراردادوں کی روشنی میں ایک بار پھر کہا کہ ملکی استحکام اور آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کے تسلسل پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
اجلاس میں پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پورا ہفتہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں نے آئین اور جمہوریت کا تحفظ یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ،سیاسی قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جمہوریت سے انحراف پاکستان کی سالمیت کے لئے خطرہ ثابت ہوگا۔ پارلیمانی سربراہوں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور جمہوریت کے تسلسل کے لئے وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ چند لوگوں کو دھونس کے ذریعے مینڈیٹ یرغمال نہیں بنانے دیں گے، قوم یقین رکھیں وہ استعفیٰ دیں گے، نہ ہی چھٹی پر جائیں گے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں