نواز شریف کا دورہ تاجکستان

98507
نواز شریف کا دورہ تاجکستان

وزیراعظم محمد نواز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت پہنچے تو ہوائی اڈے پر تاجکستان کے نائب وزیراعظم عظیم ابراہیم وزیر خارجہ سراج الدین اسلوف اور دوشنبے کے نائب میئر نذرعوف برھون نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے صدارتی محل میں گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وسطی ایشیائی خطہ کے ساتھ پاکستان کے گہرے تاریخی تعلقات ہیں ۔ہم ان خوشگوار تعلقات کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہیں۔ ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مواصلات اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی اے آر ایس پالیسی میں تاجکستان کو نمایاں مقام حاصل ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا دورہ دوشنبے تاجکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع بنانے کی ٹھوس خواہش کا مظہر ہے جو اعلی ترین سطح پر مسلسل تبادلوں کے جاری رہنے کا بھی عکاس ہے، انتہاءپسندی اور دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ ہماری سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہے، ہم نے ان خطرات کے مقابلے کیلئے اعلی سطح پر تعاون میں مزید اضافے کا عہد کیا ہے، پاکستان اور تاجکستان کو منشیات کی سمگلنگ سرحد پار منظم جرائم اور انسانی سمگلنگ پر بھی تشویش ہے اور ان برائیوں کے خاتمہ کیلئے ہم نے اجتماعی جدوجہد کے عزم کا اظہارکیا ہے۔ منگل کو یہاں تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس سٹیک آﺅٹ میں انہوں نے کہا کہ تاجکستان کے صدر کی دعوت پر میرا دورہ بڑی مسرت کا باعث ہے، ہم روایتی تاجک مہمان نوازی سے بڑے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان ٹھوس برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو صدیوں پرانے تاریخی، ثقافتی روابط اور لسانی تعلقات سے پروان چڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جامع مشاورت اور دوطرفہ ملاقات کی اور عالمی ایشوز کا مکمل احاطہ کرتی ہے، ہم نے بہترین سیاسی تعلقات کا جائزہ لیا ہے اور اس بات سے اتفاق کیا کہ ہمیں بہت سے شعبوں میں باہمی مفید تعاون سے استفادے کی ضرورت ہے، حالیہ برسوں میں ہماری دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، باہمی کوششوں سے اس میں مفید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔




ٹیگز:

متعللقہ خبریں