دہشت گرد کراچی کے ہوائی اڈے کو تباہ کرنا چاہتے تھے: چوہدری نثار

کراچی میں دو یا تین طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا ہے جبکہ ہمارا قومی اثاثہ محفوظ ہے۔حملہ کراچی ائرپورٹ پر نہیں پرانے ٹرمینل پر ہوا، ٹارگٹ طیاروں کو نشانہ بنانا تھا، دہشت گرد چھپ کر حملے کررہے ہیں اور ہر جگہ دہشت گردوں کے نشانے پر ہے

88669
دہشت گرد کراچی کے ہوائی اڈے کو تباہ کرنا چاہتے تھے: چوہدری نثار

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی میں دو یا تین طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا ہے جبکہ ہمارا قومی اثاثہ محفوظ ہے۔
انپوں نے کہا کہ دہشت گرد بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے، حملہ کراچی ائرپورٹ پر نہیں پرانے ٹرمینل پر ہوا، ٹارگٹ طیاروں کو نشانہ بنانا تھا، دہشت گرد چھپ کر حملے کررہے ہیں اور ہر جگہ دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔
وہ پیر کی شب کراچی ائرپورٹ کے پرانے ٹرمینل پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ قبل ازیں اے ایس ایف، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو بریفنگ دی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے قربانی دے کر لوگوں کی جانوں کو بچایا ہے، شہداء نے جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کے قیمتی اثاثے محفوظ بنائے، قیمتی جانیں گئیں، زخمیوں کے لیے بھی دعا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ائرپورٹ کولڈ اسٹوریج تک تمام علاقہ رسائی میں ہے، کولڈ اسٹوریج میں پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کراچی ائرپورٹ حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ پانچ پانچ دہشت گرد دو راستوں سے ائرپورٹ میں داخل ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ رات ڈیڑھ بجے تک 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا تھا۔ 3 دہشت گردوں نے خود کو دھماکوں سے اڑایا جبکہ 7 دہشت گرد سیکورٹی فورسز سے مقابلے میں مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی شناخت کے بارے میں چھان بین کا سلسلہ جاری ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں