ایم کیو ایم کے قائد ضمانت پر رہا

85649
ایم کیو ایم کے قائد ضمانت پر رہا

برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو پولیس کی ابتدائی تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کے ترجمان کے مطابق ان کی رہائی جمعے کو رات گئے لندن کے سدرک پولیس سٹیشن سے عمل میں آئی۔
اطلاع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں حراست میں لیے جانے والے الطاف حسین کو جولائی تک کے لیے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے لیکن اس معاملے کی تحقیقات جاری رہیں گی۔ضمانت کی شرائط کے بارے میں معلومات فی الحال سامنے نہیں آسکیں ہیں۔
لندن میٹروپولیٹن پولیس کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ رہائی "پولیس ضمانت"کے دائرہ عمل میں ہوئی ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ الطاف حسین کو مقررہ تاریخ اور وقت پر دوبارہ پولیس کو رپورٹ کرنی ہو گی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے دوران ماضی میں بھی دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جنھیں رواں برس ستمبر تک ضمانت پر رہائی دی گئی ہے۔
رہائی کے بعد لندن میں ایم کیو ایم کے انٹرنیشنل سیکریٹیریٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ اب معاملہ عدالت میں ہے اور وہ برطانوی عدالتی نظام پر بھروسہ کرتے ہیں۔ اور انہیں پورا یقین ہے کہ وہ اس معاملے میں سرخرو ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ ہو جائے وہ برطانوی حکام سے جھوٹ نہیں بولیں گے اور نہ ہی کسی قیمت پر ’سرنڈر‘ کریں گے۔
انھوں نے اپنی حراست کے دوران ساتھ دینے پر وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے علاوہ ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
برطانوی پولیس جمعے کی صبح الطاف حسین کو دوبارہ سدرک تھانے میں لے کر آئی تھی جہاں ان سے کئی گھنٹے تک تفتیش کی گئی۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں