شام: اسد انتظامیہ مشروط جنگ بندی پر آمادہ ہو گئی

شامی حکومت کا کہنا ہے کہ ادلب کو اسلحہ سے خالی علاقہ قرار دینے کی روسی اور ترک تجویز کے بعد سرکاری فوج جنگ بندی کے لیے تیار ہے

1246495
شام: اسد انتظامیہ مشروط جنگ بندی پر آمادہ ہو گئی

شامی حکومت نے شمال مغربی علاقے ادلب میں مشروط جنگ بندی پرآمادی کا اظہار کیا ہے۔

 شامی حکومت کا کہنا ہے کہ ادلب کو اسلحہ سے خالی علاقہ قرار دینے کی روسی اور ترک تجویز کے بعد سرکاری فوج جنگ بندی کے لیے تیار ہے۔

شام کی سرکاری  خبر ایجنسی"سانا" کے مطابق ترکی اور روس نے ادلب کو اسلحہ سے خالی علاقہ قرار دینے کا ایک معاہدہ کیا ہے اور شامی حکومت کو بھی اس حوالے سےمطلع کیا گیا ہے۔

 یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب قازقستان  میں شام میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا نیا دور شروع ہو رہا ہے۔

 بتایا  گیا ہے کہ گزشتہ  درمیانی شب سے ادلب میں جنگ بندی پرعمل درآمد شروع کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے جنگ بندی کی تجویز اس شرط پرقبول کی ہے کہ ادلب میں موجود جنگجو بھاری اور درمیانے درجے کے ہتھیار ترک کرنے کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے وضع کردہ علاقے سے 20 کلو میٹراندر چلے جائیں گے۔

دوسری جانب روس نے شامی حکومت کی طرف سے ادلب میں جنگ بندی پرعمل درآمد کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

خیال رہے کہ ترکی اور روس نے گزشتہ سال ستمبر میں ادلب میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ کے خطرات ٹالنے کے لیے ایک معاہدہ کیا تھا مگر اس پرعمل درآمد نہیں کیا جاسکا۔

 



متعللقہ خبریں