ایران اپنی ناکامیوں کی ذمے داری علاقائی ممالک پر ڈال رہا ہے: سعودی عرب

سعودی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ ہماری دوسرے ممالک کے داخلی امور میں عدم مداخلت سے متعلق پالیسی بڑی واضح ہے  جبکہ  وہ اپنے  داخلی امور میں بھی دوسروں کی مداخلت کو مسترد کرتا ہے

1056857
ایران اپنی ناکامیوں کی ذمے داری علاقائی ممالک پر ڈال رہا ہے: سعودی عرب

سعودی  وزارت خارجہ کے ایک  عہدے دار نے ایران میں گزشتہ ہفتے کے روز رونما ہونے والے واقعات سے متعلق ایرانی حکا م کے جھوٹے الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے اور انھیں افسوس ناک قرار دیا ہے۔

 عہدے دار نے گزشتہ  روز ایک بیان میں کہا ہے کہ  سعودی عرب کی دوسرے ممالک کے داخلی امور میں عدم مداخلت سے متعلق پالیسی بڑی واضح ہے  جبکہ  وہ اپنے  داخلی امور میں بھی دوسروں کی مداخلت کو مسترد کرتا ہے۔

اس کے برعکس ایرانی حکومت اپنے ہمسایہ ممالک کے امور میں مداخلت کرتی ہے اور  وہ خطے اور دنیا میں دہشت گردی کا ایک  سرپرست  ملک ہے۔

بیان کے مطابق ایرانی انتظامیہ  نے اپنے قیام کے بعد سے افراتفری ، تباہی ، فرقہ واریت اور انتہا پسندی پھیلائی ہے،اس نے اپنے عوام کے وسائل کو اپنے جارحانہ اور غیر ذمے دارانہ کردار کی نذر کردیا ہے،اس سے خطے میں تباہی اور طوائف الملوکی کے سوا کچھ نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔

عہدے دار کا کہنا تھا کہ سعودی  عرب  کے نزدیک اس حکومت  کے پاس دوسروں پر جھوٹے الزامات عائد کرنے اور دیگر ممالک پر الزام تراشی کے سوا کہنے اور کرنے کو کچھ نہیں ہے۔

 وہ اپنے عوام کی امنگوں پر پورا اترنے میں مکمل ناکامی اور کمزوریوں کی پردہ پوشی کے لیے دوسروں پر الزام تراشی کا عادی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی  حکومت  نے حال ہی میں سعودی  عرب  کو ایرانی معیشت کے زوال  کا مورد الزام ٹھہرایا تھا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ایرانی معیشت کی زبوں حالی دراصل اس  کی اپنی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

ایران  نے اپنے عوام کے وسائل اور صلاحیتوں کو دہشت گرد تنظیموں کی حمایت اور خطے میں بیلسٹک میزائلوں کے پھیلاؤ پر ضائع کیا ہے۔

 

 



متعللقہ خبریں