عرب اتحاد یمن میں نئی راہ داریاں کھولے گا: کرنل المالکی

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے یمن کے دارالحکومت صنعاء اور الحدیدہ کی بندر گاہ کے درمیان انسانی امداد کی حمل ونقل کے لیے نئی راہ داریاں کھولنے کا اعلان کیا ہے

1056025
عرب اتحاد یمن میں نئی راہ داریاں کھولے گا: کرنل المالکی

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے یمن کے دارالحکومت صنعاء اور الحدیدہ کی بندر گاہ کے درمیان انسانی امداد کی حمل ونقل کے لیے نئی راہ داریاں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ الحدیدہ سے صنعاء تک یہ راہ داریاں المہاوت ، حجہ اور باجیل کے راستوں سے کھولی جائیں گی۔

کرنل ترکی المالکی نے گزشتہ  روز سعود ی دارالحکومت الریاض میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حوثی شیعہ باغیوں کی یمن کی قانونی حکومت کے خلاف مسلح بغاوت  کے 4 سال  بعد بھی یمنی عوام  مصائب سے دوچار ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت خطے میں ایسے  عناصر موجود ہیں جو دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کررہے ہیں اور اُنھیں  اسلحہ  ، میزائل ، ڈرونز اور تیز رفتار کشتیاں مہیا کررہے ہیں۔

ان کا اشارہ ایران کی جانب تھا جو حوثی باغیوں کو درپردہ اور کھلم کھلا مالی امداد  اور  اسلحہ  مہیا کررہا ہے۔

واضح رہے کہ یمن کی مسلح حوثی ملیشیا نے 21 ستمبر 2014 کو دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کر لیا تھا اور وہاں سے صدر عبد ربہ منصور ہادی اور دوسرے حکومتی عہدے داروں کو اپنی جانیں بچا کر جنوبی شہر عدن کی جانب بھاگ جانے پر مجبور کردیا تھا۔

یاد رہے کہ صدر ہادی اس وقت عدن سے قومی فوج کے کنٹرول والے علاقوں میں حکومت کررہے ہیں جبکہ صنعاء ، الحدیدہ اور بعض دوسرے علاقوں میں حوثیوں نے اپنی حکومت قائم کررکھی ہے۔

 



متعللقہ خبریں