ہمارا یمن کے ساتھ اسلحے کا کوئی رابطہ نہیں ہے: بہرام قاسمی

ہمارا یمن کے ساتھ اسلحے کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ ہم مختلف گروپوں کو اسلحہ فراہم کرنے  سے متعلق ایران پر لگائے جانے والے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں: بہرام قاسمی

872281
ہمارا یمن کے ساتھ اسلحے کا کوئی رابطہ نہیں ہے: بہرام قاسمی

تہران انتظامیہ  نے، کل یمن کے حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر فائر کئے گئے بیلسٹک میزائل کے ایرانی ساختہ ہونے کے بارے میں، سعودی اور امریکی دعووں کی سختی سے تردید کی ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ISNA  سے بات کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ "ہمارا یمن کے ساتھ اسلحے کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ ہم مختلف گروپوں کو اسلحہ فراہم کرنے  سے متعلق ایران پر لگائے جانے والے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں"۔

قاسمی نے کہا کہ یمن محاصرے میں ہے اور یہاں کے گروپوں کو اسلحے کی فراہمی جیسا کوئی  امکان موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے زیر استعمال اسلحہ ملک کو قانونی خلاف ورزیوں اور مستقل جاری رہنے والی جھڑپوں سے بچانے کے لئے سابقہ حکومتوں کے دور میں جمع کیا گیا اسلحہ ہے۔

قاسمی نے کہا کہ اسلحہ تو ایک طرف یمن میں انسانی امداد بھیجنے کا بھی احتمال نہیں ہے۔

واضح رہے کہ کل حوثیوں کی طرف سے ریاض میں پھینکے گئے میزائل کو سعودی عرب ائیر ڈیفنس کی طرف سے بغیر کسی نقصان کے  ناکارہ بنا دیا گیا تھا ۔  

میزائل حملے کے بعد سعودی زیر قیادت کولیشن فورسز کے ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ ایرانی ساختہ بیلسٹک اسلحے کا ایرانی حمایت کے حامل حوثیوں اور دیگر دہشتگرد گروپوں کے  ہاتھ میں پہنچنا علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لئے ایک خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ کے لئے امریکہ کی مستقل نمائندہ نکی ہیلے نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ حالیہ حملہ ان سابقہ حملوں سے مشابہہ تھا کہ جن میں ایرانی ساختہ اسلحہ استعمال کیا گیا تھا۔



متعللقہ خبریں