اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کر دے:صدر السیسی

مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ 1967 کی جنگ کے دوران قبضے میں لیے گئے فلسطینی علاقوں

696861
اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کر دے:صدر السیسی

مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ 1967 کی جنگ کے دوران قبضے میں لیے گئے فلسطینی علاقوں کوخالی کرتے ہوئے مشرقی بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کے دار الحکومت کے طور پر قبول کرے ۔

قاہرہ میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کیلئے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ناگزیر ہے ۔  مصر آئندہ بھی فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان علا یوسف نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں رہنماوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ نئی امریکی حکومت کے ساتھ رابطے بڑھانا بہت ضروری ہے۔ مصری صدر نے اپنے فلسطینی ہم منصب کو یقین دلایا کہ وہ آئندہ ماہ اپنے دورہ امریکا کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو کے دوران بھی مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیں گے۔

 صدر السیسی نے کہا کہ عرب ممالک کی طرف سے تنازع فلسطین کے حل کے لیے پیش کیے گئے امن فارمولے کو اس مسئلے کے حل کی اساس ماننا ہو گا ۔  مصرکی خارجہ پالیسی میں مسئلہ فلسطین کے حل کو اولین ترجیح حاصل ہے ۔ مصر مسئلہ فلسطین کو عرب ممالک کا محوری مسئلہ قرار دیتا ہے۔

 فلسطینی ایوان صدر کے ترجمان نے کہا کہ صدر محمود عباس نے السیسی سے ملاقات کے دوران مصری حکومت کی طرف سے مسئلہ فلسطین کے حل کا مطالبہ کرنے اور مظلوم فلسطینی قوم کا ساتھ دینے پر مصری حکومت اور قوم کا شکریہ ادا کیا۔



متعللقہ خبریں