موصل سے کم از کم 2لاکھ شہریوں کی نقل مکانی کا امکان ،اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ عراقی شہر موصل میں بدترین انسانی بحران کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔

593422
موصل سے کم از کم 2لاکھ شہریوں کی نقل مکانی کا امکان ،اقوام متحدہ

 

 اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ عراقی شہر موصل میں بدترین انسانی بحران کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔

عراق میں تعینات عالمی ادارے کے عہدیداروں نے بتایا  ہے کہ جنگ کے باعث آئندہ چند ہفتوں کے دوران موصل سے کم از کم 2لاکھ شہریوں کی نقل مکانی کا امکان ہے ، ان کیلئے شہر کے اطراف مشرقی، شمالی اور جنوبی حصوں میں امدادی کیمپوں کی تعمیر شروع کردی گئی ہے ، اس قدر بڑی تعداد میں مہاجرین کو خوراک اور دیگر اشیائے ضرورت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں ۔ دوسری جانب عراقی فورسز کے ساتھ موصل کی جنگ میں شریک کرد کمانڈر سروان برزانی نے بتایا کہ عراقی فوج نے حکمت عملی کے تحت موصل میں پیش قدمی کی رفتار کم کردی ہے ، وہ تقریباً 2 ہفتوں میں موصل شہر میں داخل ہو جائے گی اور شہر سے داعش کے قبضے کو مکمل طور پر ختم کرنے میں 2 ماہ لگ سکتے ہیں ۔

دریں اثنا عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ موصل سے فرار ہو کر داعش کے دہشت گرد بڑی تعداد میں شام کے اندر داخل ہو سکتے ہیں، انہوں نے اپنے اتحادی ممالک سے اپیل کی کہ وہ ان شدت پسندوں کے شام میں داخلے کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں ۔ امریکی فوجی کمانڈر گیری وولیسکی نے بتایا کہ داعش کے جنگجو موصل سے فرار ہو رہے ہیں،تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان میں کون لوگ شامل ہیں اور ان کی تعداد کیا ہے ؟

ذرائع کے مطابق داعش نے موصل کے اطراف تیل کے کئی کنووں کو آگ لگادی ہے  ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی اور کرد فوجیں شہر سے ابھی 30اور 40کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔ انہوں نے مشرق کی طرف سے قراقوش شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے اہم وہاں اب بھی داعش کے جنگجو مزاحمت کر رہے ہیں، یہ علاقہ موصل سے 32کلومیٹر دور ہے ۔



متعللقہ خبریں