سعودی عرب کے شاہ عبداللہ علالت کے بعد انتقال کر گئے

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل ہونے کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے اور انہیں پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث مصنوعی طریقے سے سانس دیا جا رہا تھا تاہم وہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب انتقال کر گئے

195134
سعودی عرب کے شاہ عبداللہ علالت کے بعد انتقال کر گئے

سعودی فرما رواں شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز طویل علالت کے بعد 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل ہونے کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے اور انہیں پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث مصنوعی طریقے سے سانس دیا جا رہا تھا تاہم وہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب انتقال کر گئے۔ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ عصر کی نماز کے بعد جامعہ مسجد امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی جائے گی جس میں شاہی خاندان کے علاوہ بہت سے ممالک کے سربراہان کی شرکت بھی متوقع ہے۔ شاہ عبداللہ کی وفات کے بعد ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز سعودی عرب کے نئے بادشاہ ہوں گے۔
شاہ عبداللہ کونسل برائے وزراء کے وزیراعظم اور نیشنل گارڈ کے کمانڈر بھی تھے۔ ان کی نماز جنازہ آج بعد ازنماز عصر ادا کی جائے گی ۔
شاہ سلمان 2012سے ولی عہد اور وزیر دفاع کے فرائض سرا نجام دے رہے تھے ۔وہ5 عشروں تک ریا ض کے گورنر رہے ۔


واضح رہے کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز 2005 میں اپنے سوتیلے بھائی شاہ فہد بن عبدالعزیز کے انتقال کے بعد سعودی عرب کے حکمران منتخب ہوئے تھے جب کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز مکہ کے گورنر، سعودی اسپیشل گارڈ کے کمانڈر اور وزیر دفاع کے اہم عہدوں پر بھی فائز رہے۔ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے 9 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ شاہ عبداللہ کو دنیا کا چوتھا امیر ترین حکمران اور آٹھواں طاقت ور ترین شخص مانا جاتا تھا اور ان کے اثاثوں کی مالیت 18 ارب ڈالر تھی۔
سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل نے شاہ عبداللہ کے انتقال کی خبر نشر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات مقامی وقت کے مطابق ایک بجے چل بسے۔

 

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں