انڈونیشیا: فٹ بال میچ کے دوران بھگدڑ سینکڑوں افراد ہلاک

انڈونیشیا میں ایک فٹبال میچ کے دوران بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 174 تک جا پہنچی جبکہ 180 زخمی ہوگئے

1887243
انڈونیشیا: فٹ بال میچ کے دوران بھگدڑ سینکڑوں افراد ہلاک

انڈونیشیا میں ایک فٹبال میچ کے دوران بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 174 تک جا پہنچی جبکہ 180 زخمی ہوگئے۔

خبر کے مطابق، پولیس نے صحافیوں کو بتایا کہ مشرقی جاوا صوبے میں ملنگ شہر میں واقع کنجوروہان اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فٹبال میچ میں ہارنے والی میزبان ٹیم کے حامیوں نے اپنی مایوسی کا اظہار کرنے کے لیے پچ پر دھاوا بول دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران نے صورت حال پر قابو پانے کے لیے آنسو گیس فائر کی، جس سے بھگدڑ مچ گئی اور دم گھٹنے کے واقعات رونما ہوئے۔

انہوں نے اس واقعے کو 'انارکی' قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مشتعل تماشائیوں نے پولیس افسران پر حملہ کرنا شروع کر دیا، انہوں نے  گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، لوگ باہر نکلنے کے لیے دروازے کی جانب بھاگے اور اس دوران کئی افراد کچلے گئے'۔

 شائقین اسٹیڈیم میں پچ کی جانب اس وقت دوڑتے دکھائی دیے جب اریما ایف سی کی ٹیم پرسیبا سورابایا سے ہار گئی تھی۔

زخمیوں کا علاج کرنے والے ایک مقامی ہسپتال کے سربراہ نے بتایا کہ متاثرین میں سے کچھ کو دماغ پر چوٹیں آئی ہیں، مرنے والوں میں ایک 5 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی 'فیفا' نے اپنے حفاظتی ضوابط میں واضح کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے اسٹیڈیم میں کوئی آتشیں اسلحہ یا 'کراؤڈ کنٹرول گیس' نہیں لے جانا چاہیے اور نہ ہی استعمال کرنا چاہیے۔

مشرقی جاوا پولیس نے فوری طور پر اس حوالے سے تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا کہ وہ اس ان قواعد و ضوابط سے واقف تھے یا نہیں۔

اس حوالے سے انڈونیشیا میں کمیشن برائے انسانی حقوق نے آنسو گیس کے استعمال سمیت اسٹیڈیم میں موجود سلامتی  کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انڈونیشیا کے چیف سیکیورٹی وزیر محمود ایم ڈی نے  کہا کہ  اس واقعے کے وقت اسٹیڈیم گنجائش سے زیادہ بھرا ہوا تھا، اس میچ کے لیے 42 ہزار ٹکٹ جاری کیے گئے جبکہ اس اسٹیڈیم میں صرف 38 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

جاوا کے گورنر خفیفہ اندر پروانسا نے صحافیوں کو بتایا کہ زخمیوں اور متاثرین کے خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔انڈونیشیا کے وزیر برائے کھیل زین الدین امالی نے   بتایا کہ وزارت کھیل فٹ بال میچوں کی حفاظت کا از سر نو جائزہ لے گی جس میں اسٹیڈیم میں شائقین کی آد پر پابندی پر غور بھی شامل ہے۔

فٹبال ایسوسی ایشن آف انڈونیشیا نے ایک ہفتے کے لیے فٹبال میچز معطل کر دیے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا آئندہ سال مئی اور جون میں فیفا انڈر 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔

 

 

 



متعللقہ خبریں