گروناتھ پر سٹے بازی کا الزام ثابت

انڈین پریمِر لیگ کی ساکھ اور اعتماد کو سخت دھچکہ، انڈین کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ کے داماد کو میچ سپاٹ فکسنگ کا مجرم قرار دے دیا گیا

195464
گروناتھ  پر سٹے بازی کا الزام ثابت

اطلاع کے مطابق بھارت کے سپریم کورٹ نے آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ مقدمے کا فیصلہ صادر کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ سری نواسن کے داماد گروناتھ اور آئی پی ایل کی ٹیم راجستھان رائلز کے مالک راج کندرا کو سٹے بازی اور میچ فکسنگ میں ملوث قرار دے دیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے 130 صفحات پر مشتمل اس فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گروناتھ می اپن اور راج کندرا انڈین پریمئیر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں میچ فکسنگ اور سٹے بازی میں ملوث تھے۔ جبکہ سری نواسن پر صرف اپنے داماد کی پردہ پوشی کا الزام ہے جو کہ ثابت نہیں ہوسکا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کھیل کو اس قسم کے ذاتی مفادات کا نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ یہ ہر طرح کی دغابازی سے پاک ہونا چاہیے۔ میچ فکسنگ پر صرف کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشنل ہی نہیں بلکہ فرنچائز کو بھی سزا ملنی چاہیے۔ سابق ججوں پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کی سزا کا تعین کرے گی۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل میں میچ فکسنگ اور سٹے بازی کا اسکینڈل سن 2013 میں سامنے آیا تھا جس پر بھارتی سپریم کورٹ نےسری نواسن کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا تھا ۔تاہم وہ اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیرمین کے عہدے پر فائز ہیں۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں