پاکستانی ٹیم دباو میں آئے بغیر کھیلے گی : وقار یونس

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم اور کھلاڑیوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا

188061
پاکستانی ٹیم دباو میں آئے بغیر کھیلے گی : وقار یونس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ عالمی کپ کے لیے پاکستانی ٹیم فیورٹ نہیں جس سے ہمیں بغیر کسی دباؤ کے کھیلنے میں معاونت ملے گی۔
کوچ وقار یونس نے لاہور میں امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات عیاں ہے کہ فیورٹ ہونے پر دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیمیں ہیں جو باؤنسی وکٹوں پر کھیلنے کی عادی ہیں اور یہی ٹیمیں ہم سے زیادہ فیورٹ ہیں۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ اچھے ٹیم ورک کے لیے کھلاڑیوں میں اتحاد و اتفاق لازمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے لیے ہم نے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے اور ورلڈ کپ تک کھلاڑیوں کی فٹنس سطح میں بہتری لانے کی پوری کوشش کریں گے۔
وقار یونس نے اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ گذشتہ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی ٹیم فیورٹ نہیں تھی تاہم اسے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیابی حاصل ہوئی تھی اور سیمی فائنل میں اسے بھارت نے شکست دی تھی۔
ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم کا کیمپ لاہور میں جمعے کے دن مکمل ہوا اور وہ آئندہ منگل کو نیوزی لینڈ روانہ ہو رہی ہے جہاں ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم 2 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
انھوں نے کہا کہ تمام بولرز کو ورلڈ کپ میں اپنا اپنا بہترین کردار ادا کرنا ہو گا۔
14 فروری سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں