پاکستانی سڑیٹ فٹ بالروں کی ٹیم کی ایک اور کامیابی

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں منعقدہ یوتھ ٹورنا منٹ میں پاک ٹیم نے مضبوط میزبان ٹیم کو ایک ۔ صفر سے شکست دے دی

72803
پاکستانی سڑیٹ فٹ بالروں کی ٹیم کی ایک اور کامیابی

اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں دھوم مچانے والی پاکستانی ٹیم نے ناروے میں بھی اپنی کارکردگی کا لوہا منوانا شروع کردیا ہے۔ناروے میں منعقدہ یوتھ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے اوسلوکے معروف لیمبرسٹر کلب کو 1-0سے شکست دیدی۔
یاد رہے کہ بنیادی سہولیات سے محروم کھلاڑیوں نے برازیل میں منعقدہ اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن بھارت اور امریکا جیسے مضبوط حریفوں کو زیر کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ عالمی سطح پر نام بنانے والے نوعمر فٹبالروں کو نہ صرف ملک گیر بلکہ کئی دیگرممالک سے ٹورزکی دعوت بھی ملی۔ چند روز پیشتر ناروے کے دارالحکومت اوسلومیں دنیا کے عظیم ترین یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ شروع ہوا ہے کہ جس میں 10سے19سال کی عمر کے نوجوان فٹبالر حصہ لیتے ہیں۔
رواں سال ہونے والے اس فٹبال میلے کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار اسٹریٹ چلڈرن ٹیم کی شکل میں پاکستان کی بھی نمائندگی ہورہی ہے۔اوسلو سے موصول اطلاعات کے مطابق پاک ٹیم کا ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں میزبان شہر کے معروف لیمبرسٹرکلب سے مقابلہ ہوا۔دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے گول پر اوپر تلے حملے تاہم پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی۔
دوسرے ہاف میں پاکستانی فارورڈز ابتدا میں ہی حاوی ہوگئے، محمدایاز نے شاندار کک کے ذریعے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے فتح کا راستہ ہموار کر دیا۔باقی وقت میں پاکستانی سائیڈ نے گیند پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے میزبان کھلاڑیوں کا ہر حربہ ناکام بنایا،میچ کے دوران گرین شرٹس کو تارکین وطن پاکستانیوں کے ساتھ مقامی شائقین کی طرف سے بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں